ممبئی: بالی ووڈ اداکارہ کرشمہ کپور کی ان کے قریبی دوست بزنس مین سندیپ توشنی وال سے شادی کی افواہیں گردش کرنے لگیں جب کہ سندیپ نے اپنی بیوی سے طلاق لینے کا بھی فیصلہ کرلیا ہے۔بالی ووڈ اداکارہ کرشمہ کپور نے اپنے شوہر نئی دہلی کے بزنس مین سنجے کپور سے طلاق لے لی ہے جس کے بعد وہ ممبئی کے بزنس مین سندیپ توشنی وال کے ساتھ دیکھی جارہی ہیں جب کہ دونوں کے معاشقے کی خبریں بھی زبان زدعام ہیں لیکن اب سندیپ توشنی نے کرشمہ سے اپنے معاشقے کو رشتے میں بدلنے کا فیصلہ کرتے ہوئے حیرت انگیز فیصلہ کیا ہے۔
بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق سندیپ توشنی وال اداکارہ کرشمہ کپور سے شادی کا ارادہ رکھتے ہیں جس کے لیے انہوں نے اپنی بیوی ڈاکٹر اشرتا سے طلاق لینے کا فیصلہ کرلیا ہے۔ سندیپ نے اہلیہ سے طلاق کے لیے عدالت سے بھی رجوع کرلیا ہے جب کہ اپنے مؤقف میں ان کا کہنا ہے کہ ان کی اہلیہ ڈاکٹر اشرتا نفسیاتی مریضہ ہیں اور بلا وجہ غصہ ہوتی رہتی ہیں جس کی بدولت ان کی ازدواجی زندگی مشکلات کا شکار ہے۔
دوسری جانب سندیپ توشنی وال نے اہلیہ سے طلاق کے فوراً بعد شادی کی منصوبہ بندی کرلی ہے اور ممبئی کے پوش علاقے باندرہ میں کرشمہ کے لیے فلیٹ بھی خریدا ہے۔