لاس اینجلس : طبی ماہرین نے بچوں کو ذہنی تناؤ اور ڈپریشن سے بچانے کا آسان نسخہ ڈھونڈ نکالا، جسمانی سرگرمیاں بچوں میں ذہنی تناؤ اور ڈپریشن دور کرتی ہے۔امریکی یونیورسٹی آف میڈیسن میں شائع طبی ماہرین کی تحقیق کے مطابق اگر والدین بچوں کو مسرور اور دماغی طور پر تندرست رکھنا چاہتے ہیں تو وہ انہیں ورزش ضرور کرائیں۔
تحقیق میں اس بات کا انکشاف ہوا ہے کہ 6 سے 8 برس تک کے وہ بچے جو ورزش اور کھیل کود میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیتے ہیں دیگر بچوں کے مقابلے میں ڈپریشن اور ذہنی تناؤ سے دور رہتے ہیں۔
ماہرین کا کہنا ہے کہ بچوں میں اداسی، ذہنی تناؤ اور ڈپریشن کی علامات بڑوں سے یکسر مختلف ہوسکتی ہے، ایسے بچے بے وجہ روتے ہیں، غصہ بڑھ جاتا ہے، اپنے پسندیدہ کاموں میں دلچسپی کم ہوجاتی ہے، الگ تھلگ رہتے ہیں اور بھوک کم لگتی ہے۔ماہرین نے والدین کو چھوٹی عمر میں بچوں کو ورزش کروانے کا مشورہ دیا ہے تاکہ وہ ڈپریشن سے دور رہ کے صحت مند اور چاق و چوبند رہ سکیں اور تعلیم میں بھی بہتر کارکردگی دکھاسکیں۔