پی سی بی کا چیمپئنز ٹرافی پر اصولی موقف برقرار، فیصلہ آئی سی سی اور بی سی سی آئی پر چھوڑ دیا

10:48 PM, 11 Dec, 2024

لاہور :پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے چیمپئنز ٹرافی 2025 کے معاملے پر اپنے اصولی موقف کو برقرار رکھا ہے۔ ذرائع کے مطابق پی سی بی نے واضح کر دیا ہے کہ کرکٹ کے اس بڑے ایونٹ کے حوالے سے حتمی فیصلہ اب انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) اور بھارتی کرکٹ بورڈ (بی سی سی آئی) کو کرنا ہے۔

پی سی بی ذرائع نے کہا ہے کہ آئندہ تین سالوں میں پاکستان، بھارت جا کر کسی بھی میچ میں شرکت نہیں کرے گا۔ فیوژن ماڈل کے تحت پاک بھارت آئی سی سی میچز نیوٹرل وینیوز پر ہی کھیلے جائیں گے۔ پاکستان نے اپنے مؤقف پر کسی قسم کے سمجھوتے کو مسترد کر دیا ہے۔

بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق بھارتی کرکٹ بورڈ چیمپئنز ٹرافی کے لیے فیوژن ماڈل پر متفق ہو گیا ہے، لیکن اس فارمولے کو اپنے ایونٹس پر لاگو کرنے کے حق میں نہیں۔ رپورٹس میں یہ بھی دعویٰ کیا گیا ہے کہ پاکستان اگر بھارت میں ہونے والے آئی سی سی ایونٹس کا بائیکاٹ کرتا ہے تو اسے قانونی چارہ جوئی کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔

بھارتی میڈیا نے یہ دعویٰ بھی کیا ہے کہ اگر پاکستان چیمپئنز ٹرافی کے سیمی فائنل یا فائنل تک پہنچتا ہے تو اسے بھارت میں کھیلنا ہوگا۔ تاہم، پی سی بی کا موقف ہے کہ کسی بھی صورت میں اصولی مؤقف پر سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔
 

مزیدخبریں