شمالی وزیرستان میں سکیورٹی فورسز کا آپریشن، 7 خوارج ہلاک، لانس نائیک محمد امین شہید

شمالی وزیرستان میں سکیورٹی فورسز کا آپریشن، 7 خوارج ہلاک، لانس نائیک محمد امین شہید

راولپنڈی: سکیورٹی فورسز نے شمالی وزیرستان میں دو علیحدہ آپریشنز کے دوران 7 خوارج کو ہلاک کر دیا ہے جبکہ ایک سکیورٹی اہلکار نے شہادت قبول کی۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق، 10 اور 11 دسمبر کی رات شمالی وزیرستان کے علاقے میران شاہ میں خوارج کی موجودگی کی اطلاع پر انٹیلی جنس کی بنیاد پر آپریشن کیا گیا۔ اس دوران فورسز نے خوارج کے ٹھکانے کو نشانہ بنایا، جس کے نتیجے میں 4 خوارج ہلاک ہوئے۔

دوسری کارروائی شمالی وزیرستان کے علاقے سپن وام میں کی گئی، جہاں فورسز اور خوارج کے درمیان شدید فائرنگ کے تبادلے میں 3 مزید دہشت گرد ہلاک ہوگئے۔ اس آپریشن کے دوران 34 سالہ لانس نائیک محمد امین، جو فیصل آباد سے تعلق رکھتے تھے، نے دشمن کا ڈٹ کر مقابلہ کرتے ہوئے شہادت کو گلے لگا لیا۔

آئی ایس پی آر نے بتایا کہ علاقے میں موجود دیگر خوارج کے خاتمے کے لیے سینی ٹائزیشن آپریشن جاری ہے۔ سکیورٹی فورسز کا کہنا ہے کہ دہشت گردی کے خلاف ان کی کارروائیاں جاری رہیں گی اور ہمارے بہادر سپاہیوں کی قربانیاں ملک میں امن و سکون لانے کے عزم کو مزید مستحکم کرتی ہیں۔

مصنف کے بارے میں