اسلام آباد: پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) اور حکومت کے درمیان مذاکرات کے آغاز کے حوالے سے متضاد بیانات سامنے آئے ہیں۔
پاکستان تحریک انصاف کے رہنما صاحبزادہ حامد رضا نے گزشتہ روز حکومت اور پی ٹی آئی کے درمیان مذاکرات کی باضابطہ تصدیق کرتے ہوئے اعلان کیا تھا کہ آج سے مذاکرات کا آغاز ہوگا، اور پی ٹی آئی کی پانچ رکنی کمیٹی حکومتی کمیٹی سے بات چیت کرے گی۔ حامد رضا نے یہ بھی کہا کہ وہ مذاکراتی کمیٹی کا حصہ ہیں اور اس کی کارروائی کو خفیہ رکھنا ان کے لیے امانت ہے۔
تاہم، پی ٹی آئی کے چیئرمین بیرسٹر گوہر نے اس بیان کی تردید کرتے ہوئے کہا کہ مذاکرات آج سے شروع نہیں ہو رہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ پی ٹی آئی مذاکرات کے لیے حکومت سے رابطہ کرنے کی کوشش کر رہی ہے، لیکن ابھی تک حکومت کی جانب سے کوئی باضابطہ پیشکش یا رابطہ نہیں کیا گیا۔
اس متضاد موقف نے سیاسی حلقوں میں سوالات اور کنفیوژن پیدا کر دی ہے، اور یہ معاملہ سیاسی مبصرین کی توجہ کا مرکز بن گیا ہے۔