راولپنڈی : پاکستان اور چین کی فوجوں نے انسداد دہشت گردی کے حوالے سے مشترکہ مشق "واریئر 8" میں حصہ لیا، جو 19 نومبر سے 11 دسمبر تک جاری رہی۔پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے مطابق پاک فوج اور پیپلز لبریشن آرمی (چین) کے دستوں نے اس مشق میں بھرپور انداز میں شرکت کی اور ایک دوسرے کے تجربات سے استفادہ کیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق مشق "واریئر 8" دونوں ممالک کے درمیان انسداد دہشت گردی کے حوالے سے سالانہ مشقوں کی کڑی ہے۔ اس مشق کے دوران مختلف فوجی آپریشنز اور حکمت عملیوں کی مشق کی گئی، جس کا مقصد دونوں ممالک کی افواج کے درمیان تعاون اور آپریشنل مہارت کو مزید بہتر بنانا تھا۔مشق کے دوران ایک "وزیٹرز ڈے" کی تقریب بھی منعقد کی گئی، جس میں شرکا نے ٹلہ فیلڈ فائرنگ رینج کا دورہ کیا اور جدید فوجی ٹیکنالوجی اور اسٹرٹیجک آپریشنز کا جائزہ لیا۔