لاہور : سکول ایجوکیشن کے محکمے نے اپنے اداروں میں 50 اور 55 سال کی عمر کے اساتذہ یا وہ اساتذہ جن کی سروس 25 سال مکمل ہو چکی ہے، سے رضاکارانہ طور پر ریٹائرمنٹ لینے کی درخواست کی ہے۔ اس سلسلے میں محکمہ نے تمام ڈسٹرکٹ ایجوکیشن اتھارٹیز سے فوری طور پر ڈیٹا طلب کیا ہے۔
محکمہ سکول ایجوکیشن نے اساتذہ کی تاریخ پیدائش، پوسٹنگ، عہدہ، اور تعلیمی قابلیت کا ریکارڈ بھی فراہم کرنے کی ہدایت کی ہے تاکہ ان اساتذہ کی ریٹائرمنٹ کا عمل جلد شروع کیا جا سکے۔
محکمہ کے پاس اس وقت 12 ہزار میٹرک پاس اور 8 ہزار سے زائد ایف اے پاس اساتذہ موجود ہیں، اور یہ اقدام تعلیمی معیار کی بہتری اور نئی تعلیمی فورس کی تعیناتی کے لیے اٹھایا گیا ہے۔ محکمہ کی جانب سے اس ڈیٹا کو جلد از جلد جمع کرنے کی درخواست کی گئی ہے تاکہ آئندہ کی حکمت عملی تیار کی جا سکے۔