پاکستان سمیت دنیا بھر میں پہاڑوں کا عالمی دن منایا جا رہا ہے

11:46 AM, 11 Dec, 2024

نیوویب ڈیسک

لاہور : آج دنیا بھر میں پہاڑوں کا عالمی دن منایا جا رہا ہے، جس کا مقصد پہاڑوں کی اہمیت کو اجاگر کرنا اور ان کے تحفظ کی ضرورت پر زور دینا ہے۔ پہاڑ صرف قدرتی خوبصورتی کا حصہ نہیں بلکہ زمین کی ماحولیاتی توازن، جنگلی حیات، اور انسانی زندگی کے لئے بھی اہم کردار ادا کرتے ہیں۔

پاکستان میں پہاڑوں کا ایک وسیع سلسلہ موجود ہے، خاص طور پر بلوچستان کا سب سے بڑا پہاڑی سلسلہ کوہ سلیمان تاریخی اور ماحولیاتی لحاظ سے انتہائی اہمیت کا حامل ہے۔ کوئٹہ، جو کہ دنیا بھر میں "لٹل پیرس" کے نام سے مشہور ہے، یہاں موجود کوہ چلتن، کوہ تکاتو، کوہ زرغون اور کوہ مہردار اس شہر کی اہمیت میں اضافہ کرتے ہیں۔

گلگت بلتستان کی پہاڑی سرزمین میں دنیا کی دوسری بلند ترین چوٹی کے ٹو (8611 میٹر) واقع ہے، جو پاکستان کی بلند ترین چوٹی ہونے کے ساتھ دنیا بھر میں شہرت رکھتی ہے۔ پاکستان میں 7 ہزار میٹر سے بلند تقریبا 108 پہاڑی چوٹیاں موجود ہیں، اور 6 ہزار میٹر والی چوٹیوں کی تعداد لامحدود ہے۔

پاکستان کے پہاڑ نہ صرف کوہ پیماؤں کے لیے ایک چیلنج ہیں بلکہ وہ جنگلات اور جنگلی حیات کے لیے بھی اہم ہیں۔ کے ٹو کی مہم جوئی کے دوران جنگلی حیات کی موجودگی کو بھی بہت اہمیت دی جاتی ہے، کیونکہ یہ پہاڑ اور گلیشیئر نہ صرف پانی کے ذخائر فراہم کرتے ہیں بلکہ مختلف نوعیت کی جنگلی حیات کا بھی مسکن ہیں۔

تاہم، انسانوں کی بڑھتی ہوئی مداخلت کی وجہ سے ان علاقوں میں جنگلی حیات کو خطرات کا سامنا ہے۔ پہاڑوں کی بلند چوٹیوں پر مہم جوئی کے دوران اب تک 91 کوہ پیما اپنی جان سے ہاتھ دھو بیٹھے ہیں، جبکہ 377 افراد اس چیلنج کو کامیابی کے ساتھ سر کر چکے ہیں۔

مزیدخبریں