گوگل سرچ 2024: پاکستانیوں کی سب سے زیادہ سرچ کیے جانے والے موضوعات

11:35 AM, 11 Dec, 2024

نیوویب ڈیسک

کیلیفورنیا : گوگل سرچ انجن کے بغیر انٹرنیٹ صارفین کی زندگی تقریباً مکمل نہیں ہو سکتی۔ ہر روز اربوں موضوعات کو گوگل پر سرچ کیا جاتا ہے، اور اس وجہ سے گوگل ہر سال کے ختم ہونے پر سب سے زیادہ سرچ کیے گئے موضوعات کی فہرست جاری کیا کرتا ہے۔

گوگل  کی جانب سے  2024 میں پاکستانیوں کی جانب سے سب سے زیادہ سرچ کیے جانے والے موضوعات کی فہرست جاری کی گئی ہے۔ یہ فہرست 6 مختلف کیٹیگریز میں تقسیم کی گئی ہے: جو کرکٹ، "ہاؤ ٹو" (یعنی کیسے کریں)، ریسیپی، موویز اور ڈرامے، ٹیکنالوجی، اور شخصیات پر مشتمل ہے۔


پاکستانی کرکٹ کے شائقین گوگل پر سب سے زیادہ کرکٹ سے متعلق مواد تلاش کرتے ہیں۔ 2024 میں سب سے زیادہ سرچ کیا جانے والا موضوع ٹی 20 ورلڈ کپ رہا۔ اس کے بعد پاکستان اور انگلینڈ کے درمیان کھیلا گیا میچ دوسرے نمبر پر رہا۔ تیسری پوزیشن پر پاکستان بمقابلہ بنگلادیش کا میچ رہا، جبکہ چوتھے اور پانچویں نمبر پر پاکستان بمقابلہ آسٹریلیا اور پاکستان بمقابلہ بھارت کے میچز رہے۔

2024 میں پاکستانیوں کی پسندیدہ فلموں اور ٹی وی شوز کی فہرست میں بالی وڈ اور ویب سیریز کا غلبہ رہا۔ سب سے زیادہ سرچ کی جانے والی ویب سیریز ہیرا منڈی رہی، جو کہ پاکستانی شائقین میں بے حد مقبول ہوئی۔ اس کے بعد 12th Fail اور اینیمیل بالترتیب دوسرے اور تیسرے نمبر پر رہیں۔ مرزا پور سیزن 3 چوتھے نمبر پر رہا، جبکہ ستری 2 بالی وڈ فلم پانچویں نمبر پر آئی۔


پاکستانیوں کو کھانے پینے کا خاص شوق ہے اور 2024 میں سب سے زیادہ سرچ کی جانے والی ریسیپی بنانا بریڈ کی رہی۔ اس کے بعد مال پورہ بنانے کا طریقہ دوسرے نمبر پر رہا۔ گارلک بریڈ کی ریسیپی تیسرے نمبر پر سرچ کی گئی، جبکہ چاکلیٹ چپ کوکیز اور توا کلیجی کی ریسیپیز بالترتیب چوتھے اور پانچویں نمبر پر رہیں۔


ٹیکنالوجی کی دنیا میں آرٹیفیشل انٹیلی جنس (اے آئی) پر مبنی چیٹ جی پی ٹی نے 2024 میں پاکستانیوں کی توجہ حاصل کی۔ اس کی چیٹ جی پی ٹی لاگ ان کو سب سے زیادہ سرچ کیا گیا، جبکہ بنگ امیج کرییٹر دوسرے نمبر پر رہا۔ گوگل کا اے آئی ماڈل جیمنائی پانچویں نمبر پر رہا۔


اس فہرست میں اہم شخصیات بھی شامل ہیں، لیکن اس حوالے سے تفصیلات فراہم نہیں کی گئیں۔

مزیدخبریں