وزارتِ مذہبی امور نے 79 ہزار عازمین حج کو کامیاب قرار دے دیا

11:00 AM, 11 Dec, 2024

نیوویب ڈیسک

اسلام آباد : وزارتِ مذہبی امور کی جانب سے 10 دسمبر تک درخواستیں جمع کرانے والے تمام 79 ہزار عازمین حج کو کامیاب قرار دے دیا ہے۔ ترجمان کے مطابق، گزشتہ ہفتے کی توسیع کے دوران 10 ہزار سے زائد نئی درخواستیں موصول ہوئیں، جس پر عازمینِ حج کے اصرار پر چند ہزار خالی نشستوں پر ’’پہلے آئیے، پہلے پائیے‘‘ کی بنیاد پر حج درخواستوں کی وصولی جاری رکھا گیا ہے ۔

وزارتِ مذہبی امور نے اس بات کو  واضح کیا کہ حج کوٹہ مکمل ہوتے ہی درخواستیں بند کر دی جائیں گی۔ نئے درخواست گزاروں کو ہدایت کی گئی ہے کہ درخواست جمع کروانے کے بعد متعلقہ بینک سے کمپیوٹرائزڈ رسید ضرور حاصل کریں۔ کمپیوٹرائزڈ رسید پر درج تاریخ اور وقت کے مطابق ’’پہلے آئیے، پہلے پائیے‘‘ کے اصول کے تحت درخواستوں کی ترتیب طے کی جائے گی۔

ترجمان نے مزید بتایا کہ سپانسرشپ حج سکیم بھی اسی بنیاد پر جاری رہے گی۔ سرکاری کوٹہ مکمل ہونے پر حج واجبات کی دوسری قسط کی تاریخ کا اعلان کیا جائے گا۔ عازمینِ حج سے درخواست کی گئی ہے کہ وہ بقیہ واجبات، تربیت، اور پروازوں کی معلومات کے لیے ’’پاک حج موبائل ایپ‘‘ کا استعمال کریں۔

مزیدخبریں