ملک میں چینی کی قیمتوں میں ایک مرتبہ پھر اضافہ، ایکس مل قیمت 10 روپے فی کلو بڑھ گئی

ملک میں چینی کی قیمتوں میں ایک مرتبہ پھر اضافہ، ایکس مل قیمت 10 روپے فی کلو بڑھ گئی

اسلام آباد : پاکستان میں چینی کی قیمتوں میں ایک بار پھر اضافہ دیکھنے کو مل رہا ہے، اور گزشتہ 20 دنوں میں چینی کی ایکس مل قیمت 115 روپے سے بڑھ کر 125 روپے فی کلو تک پہنچ گئی ہے۔ چھوٹے دکانداروں نے اس اضافے کے بعد چینی کی فی کلو قیمت 125 روپے سے بڑھا کر 140 روپے تک کر دی ہے۔

شوگر ڈیلرز نے خبردار کیا ہے کہ اگر حکومت نے اس معاملے کو سنجیدہ نہیں لیا تو چینی کی قیمتوں کی صورتحال مزید سنگین ہو سکتی ہے۔ لاہور میں شوگر ڈیلرز کا کہنا ہے کہ کرشنگ سیزن چل رہا ہے، اور ایسے میں چینی کی قیمت کا بڑھنا غیر معمولی بات ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ چینی کی برآمد اور گزشتہ سال کی نسبت 6 سے 7 لاکھ ٹن کم پیداوار کی افواہیں پھیلائی جا رہی ہیں جس سے مصنوعی قلت پیدا کی جا رہی ہے۔

شوگر ڈیلرز کے مطابق حکومت نے 7 لاکھ 90 ہزار ٹن چینی کی برآمد کی اجازت دی تھی، جن میں سے 3 لاکھ 77 ہزار ٹن چینی برآمد ہو چکی ہے۔ 30 نومبر تک ملک میں چینی کا اسٹاک 7 لاکھ 66 ہزار میٹرک ٹن تھا، جس میں سے 4 لاکھ 13 ہزار میٹرک ٹن چینی درآمد ہونی ہے۔ نومبر کے آخری دو ہفتوں میں کرشنگ سے یومیہ پیداوار صرف 13 ہزار ٹن رہی، جبکہ ملک میں روزانہ کی کھپت 18 سے 20 ہزار ٹن ہے۔

مصنف کے بارے میں