کیلیفورنیا: میٹا کی ملکیت والا انسٹنٹ میسجنگ پلیٹ فارم واٹس ایپ نے اسٹیٹس اپ ڈیٹس کے لیے ایک نیا جوابی بار (reply bar) متعارف کرا دیا۔
واٹس ایپ فیچر ٹریکر ویب بیٹا انفو کی رپورٹ کے مطابق واٹس ایپ صارف کے تجربے کو مزید بہتر بنانے کے لیےاسٹیٹس اپ ڈیٹس میں اضافی فیچرز پر کام کر رہا ہے۔
حال ہی میں واٹس ایپ نے اسٹیٹس فیچر میں نئی اپ ڈیٹس کا اضافہ کرنے کا اعلان کیا کہ واٹس ایپ جلد ہی صارفین کو اسٹیٹس پر اعلیٰ معیار کی تصاویر اور ویڈیوز اپ لوڈ کرنے کا فیچر متعارف کر ا دے گا۔
جیسا کہ اسکرین شاٹ میں دیکھا جا سکتا کہ اسٹیٹس اپ ڈیٹس دیکھتے وقت ایک نئے جوابی بار کو شامل کیا گیا ہے۔ یہ اضافہ صارفین کے لیے اسٹیٹس اپ ڈیٹس کے ساتھ بات چیت کرنا آسان بناتا ہے، کیونکہ جوابی بار اب مستقل طور پر نظر آتا ہے۔
ویب بیٹا انفو کے مطابق نئے جوابی بار کے متعارف ہونے کے ساتھ، جوابی آپشن کو مزید قابل رسائی بنا کر صارف کے تجربے کو بہتر بنایا گیا ہے۔ جوابی بار اب مسلسل ظاہر ہو گا جس سے صارفین کو اس تک رسائی کے لیے اوپر سوائپ کرنے کی ضرورت نہیں پڑے گی۔
رپورٹ کے مطابق اس تبدیلی کا مقصد اسٹیٹس اپ ڈیٹس کے ساتھ مشغول ہونے کے عمل کو بڑھانا ہے، اور یہ صارفین کو ایک بہتر صارف دوست انٹرفیس بھی فراہم کرتا ہے۔
یاد رہے کہ حال ہی میں واٹس ایپ میں چینل الرٹس، نیوی گیشن لیبلز کو چھپانے اور تاریخ سے پیغامات سرچ کرنے جیسے فیچرز کا اضافہ بھی کیا گیا ہے۔
قابل ذکر بات یہ ہے کہ یہ تمام فیچرز اینڈرائیڈ ڈیوائسز کے لیے واٹس ایپ کے بیٹا (beta) ورژن میں متعارف کرائے گئے ہیں تو ابھی یہ کہنا مشکل ہے کہ کب تک تمام صارفین کے لیے انہیں متعارف کرایا جا سکتا ہے۔