توہین الیکشن کمیشن کیس: جیل ٹرائل کیخلاف عمران خان کی درخواست فل بینچ میں پیش کرنے کی سفارش

توہین الیکشن کمیشن کیس: جیل ٹرائل کیخلاف عمران خان کی درخواست فل بینچ میں پیش کرنے کی سفارش
سورس: file

لاہور:  لاہور ہائیکورٹ نےسابق چیئر مین پی ٹی آئی عمران خان کی توہین الیکشن کمیشن کیس میں جیل ٹرائل کیخلاف درخواست فل بینچ میں پیش کرنے کی سفارش کرتے ہوئے چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ  کو بھجوادی۔

لاہور ہائیکورٹ کی جسٹس عالیہ نیلم نے سابق چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کی توہین الیکشن کمیشن میں جیل ٹرائل کیخلاف درخواست پر سماعت کی۔

دوران سماعت جسٹس عالیہ نیلم سے استفسار کیا کہ اسی نوعیت کی درخواست فل بینچ کے روبرو ہے، اب تک کتنے کیسز میں جیل ٹرائل کا نوٹیفکیشن ہو چکا ہے؟ اس پر درخواست گزار کے وکیل نے بتایا کہ سائفر اور القادر ٹرسٹ سے متعلق کیسز کیلئے جیل ٹرائل کا نوٹیفکیشن ہوا ہے۔ الیکشن کمیشن 13 دسمبر کو جیل ٹرائل کیلئے پہنچ جائے گا۔

عدالت نے استفسار کیا کہ کیا آپ نے وہ تمام ریکارڈ درخواست کے ساتھ لگایا ہے، ہم ایک کیس میں آرڈر کردیں تو باقیوں پر کیا اثر ہوگا، آپ تمام ریکارڈ فراہم کریں۔  جسٹس عالیہ نے کہا کہ آپ کے پاس 100 وکلا کی ٹیم ہے، فوری ریکارڈ منگوا کر ساتھ لگا دیں۔


سابق وزیر اعظم عمران خان کے وکیل نے کہا کہ ہم ریکارڈ فراہم کر دیتے ہیں آپ درخواست کو کل کےلیے مقرر کردیں جس پر  عدالت نے کہا کہ آپ متفرق درخواست کے ذریعے تمام دستاویزات لف کردیں پھر دیکھتے ہیں۔

بعد ازاں عدالت نے بانی پی ٹی آئی کی درخواست فل بینچ میں پیش کرنے کی سفارش کرتے ہوئے چیف جسٹس کو بھجوادی جبکہ عدالت نے جیل ٹرائل کے نوٹیفکیشن سے متعلق ریکارڈ درخواست کے ساتھ لگانے کی ہدایت کی ہے۔

واضح رہے کہ الیکشن کمیشن نے توہین الیکشن کمیشن کیس کے بھی جیل ٹرائل کا فیصلہ سنایا تھا۔ سابق وزیر اعظم عمران خان  نے جیل ٹرائل کا فیصلہ لاہور ہائیکورٹ میں چیلنج کیا جس میں وفاقی حکومت، الیکشن کمیشن اور اڈیالہ جیل کے سپرنٹنڈنٹ کو فریق بنایا گیا۔

مصنف کے بارے میں