کہیں جانے کی زحمت نہ انتظار کی کوفت، گھر بیٹھے لرننگ ڈرائیونگ لائسنس بنوائیں، ایپ کا افتتاح

10:18 AM, 11 Dec, 2023

نیوویب ڈیسک

لاہور: نگران وزیر اعلی پنجاب  محسن نقوی نے آن لائن لرننگ ڈرائیونگ لائسنس  ایپ کا باضابطہ آغاز کردیا ۔

آن لائن ڈرائیونگ لائسنس ایپ کا افتتاح کرتے ہوئے نگران وزیر اعلیٰ پنجاب محسن نقوی نے کہا کہ اب شہری گھر بیٹھے آن لائن لرننگ ڈرائیونگ لائسنس کی سہولت  سے فائدہ اٹھا سکیں گے۔

محسن نقوی کا کہنا تھا کہ حکومت پنجاب پٹرولنگ پوسٹس، خدمت مراکز اور  پولیس سٹیشنز  پر بھی شہریوں کو لرننگ ڈرائیونگ لائسنس بنوانے کی سہولت فراہم کررہی ہے۔

نگران وزیر اعلیٰ نے مزید کہا کہ  تھانوں کے فرنٹ ڈیسک پر لرنر لائسنس کی سہولت کا آغاز بھی کر دیا گیا ہے۔ انہوں نے ایپ کی تیاری اور لانچنگ پر انسپکٹر جنرل پولیس ڈاکٹر عثمان انور اور پنجاب انفارمیشن ٹیکنالوجی بورڈ کے حکام کی کاوشوں کو سراہا۔ 

وزیر اعلی آفس میں آن لائن لرننگ ڈرائیونگ لائسنس ایپ کی افتتاحی تقریب میں صوبائی وزیر اطلاعات عامر میر، انسپکٹر جنرل پولیس ڈاکٹر عثمان انور ،   چیئرمین پنجاب انفارمیشن ٹیکنالوجی بورڈ فیصل یوسف اور متعلقہ حکام نےشرکت کی۔

مزیدخبریں