فیصل آباد: پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنماءفرخ حبیب نے کہا ہے کہ جب سے شریف خاندان کی نالائق حکومت آئی ہے تب سے ملک میں کرپشن کا بازار گرم ہے اور ملک اس وقت تباہی کی طرف جا رہا ہے، ہر طبقہ پریشان ہے لیکن ان لاڈلوں کو حکومت چاہئے۔
تفصیلات کے مطابق فیصل آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے فرخ حبیب نے کہا کہ شہباز شریف پر وفاقی تحقیقاتی ایجنسی (ایف آئی اے) 16 ارب کا کیس تھا جبکہ سلیمان شہباز اپنی ہی حکومت میں ملک سے فرار ہو گئے تھے، شہباز شریف کو جب بھی عدالت بلایا جاتا وہ کہتے تھے سلیمان شہباز سب معاملات دیکھتے ہیں جبکہ نواز شریف کی وارداتوں کا حساب اسحاق ڈار رکھتے تھے۔
ان کا کہنا تھا کہ ان لوگوں نے پاکستان کے اندر آئین اور قانون کا مذاق بنایا ہوا ہے، 16 ارب کے کیس پر ڈاکٹر رضوان نے پوری محنت سے کام کیا تھا مگر انہیں عہدے سے ہٹا کر اتنا دباؤ ڈالا گیا کہ اسے ہارٹ اٹیک ہو گیا، مقصود چپڑاسی بھی ان کے ایما پر بھاگا ہوا تھا، ارشد شریف ان کی تفتیش کر کے خبریں دے رہا تھا، جب سے شریف خاندان کی نالائق حکومت آئی ہے تب سے ملک میں کرپشن کا بازار گرم ہے۔
فرخ حبیب نے کہا کہ ملک اس وقت تباہی کی طرف جارہا ہے اور لوگوں کے پاس بجلی کے بل ادا کرنے کی سکت نہیں رہی،ہر طبقہ پریشان ہے لیکن ان لاڈلوں کو حکومت چاہئے، انہوں نے زرداری کے مقدمات ختم کر دئیے اور اب لوٹ مار کا بازار گرم ہے جبکہ فضل الرحمان بھی بہتی گنگا میں ہاتھ دھو رہے ہیں، نواز شریف نے 8 ماہ لوٹ مار کرنے کیلئے اسحاق ڈار کو بھیجا، ان کو تو چوپڑی ہوئی مل رہی ہیں۔