سیالکوٹ : وزیر دفاع خواجہ محمد آصف نے کہا ہے کہ عمران پاکستان پر اچانک نازل نہیں ہوا بلکہ اسے منصوبے کے تحت لایا گیا۔ منصوبہ سازوں نے تہیہ کرلیا تھا کہ اسے حکومت میں لانا ہے اب نتیجہ بھی دیکھ لیا ہے۔ جنرل باجوہ عمران خان کے محسن ہیں لیکن یہ محسن کش ہے۔
سیالکوٹ میں ورکرز کنونشن سے خطاب کرتے خواجہ آصف نے کہا کہ جب قومیں جعلی اور فراڈئیے لیڈرز کے پیچھے چلنا شروع ہوجائیں تو عذاب بھی آتے ہیں۔ ہم مہنگائی، بجلی گیس کے بلوں سے جان چھڑائیں، پھر سیلاب آگیا۔ سیلاب کے باعث کروڑوں لوگ متاثر ہوئے۔
انہوں نے کہا کہ رانا ثنا اللہ پر جھوٹے کیسز بنائے گئے انہوں نے قید و بند کی صعوبتیں برداشت کیں۔ ہمیں بد نام کرنے کیلئے میڈیا ٹرائل کیا گیا۔ شہبازشریف سے برطانوی اخبار نے معافی مانگی۔ 8ماہ سے اس تگ و دو میں ہیں کہ معیشت کو سنبھالا دیا جائے۔شہباز شریف اور ہمارے دوسرے قائدین اسی کوشش میں ہیں۔