لاہور: مسلم لیگ ن پنجاب کے صدر رانا ثناء اللہ نے عمران خان حکومت کے خاتمے کے لیے سلیکٹرز سے مدد مانگ لی۔ کہتے ہیں جس طرح اس حکومت کو مسلط کرنے میں مدد دی گئی اسی طرح اس سے جان چھڑوانے میں بھی مدد کی جائے ۔عمران خان کو عوام پر مسلط کرنے والے خدا کا خوف کریں ۔
لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے رانا ثناء اللہ نے کہا کہ عمران نیازی نے ملک میں احتساب کا ڈرامہ رچایا ۔ کل بجلی کی تقریبا 5 روپے فی یونٹ قیمت بڑھائی گئی ہے ،یہ ڈرامہ اب ختم ہو چکا ہے ۔اب عوام باہر نکلے اور اپوزیشن کا ساتھ دے اور اس حکومت کو باہر نکالے ورنہ یہ کچھ عرصہ اور اقتدار میں رہے تو ناقابل تلافی نقصان ہو جائے گا۔ یہ ٹولہ ملک کو تباہی کی جانب لے جا رہا ہے
انہوں نے کہا کہ پیپلزپارٹی پنجاب میں زندہ ہونا چاہتی ہے ،پی ڈی ایم میدان میں موجود ہے ۔ زرداری صاحب کو چاہیئے کہ وہ اپنی بات عوام تک پہنچانے کے لیے بہتر الفاظ کا چناؤ کریں ۔ سیاسی جماعتوں کے درمیانی صحت مندانہ مقابلہ ہونا چاہیئے ۔ پیپلز پارٹی کے پنجاب میں منظم ہونے سے ہمیں کوئی خطرہ اور اعتراض نہیں ۔ ووٹ کو عزت دو کا مطلب یہ نہیں کہ صرف ہمیں ہی ووٹ دیا جائے
رانا ثناء اللہ خان نے کہا کہ ڈالر 200 روپے تک پہنچنے کے منفی اثرات تو ہوں گے اور عوام کے پلے کیا رہ جائے گا ۔تنخواہ دار طبقہ کیسے گزارا کرے گا۔ عوام اس حکومت کو بددعائیں دے رہے ہیں۔