ٹانک میں پولیو ٹیم پر حملہ، سیکیورٹی پر مامور ایک اہلکار شہید، ایک زخمی

12:03 PM, 11 Dec, 2021

نیوویب ڈیسک

پشاور: صوبہ خیبر پختونخوا کے جنوبی ضلع ٹانک میں پولیو ٹیم پر حملے کے نتیجے میں سیکیورٹی پر مامور ایک اہلکار شہید اور ایک زخمی ہو گیا جبکہ حملہ آور فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے۔ 
پولیس ذرائع کے مطابق گاو¿ں چھدرڑ میں نامعلوم مسلح موٹر سائیکل سواروں نے پولیو سیکیورٹی ٹیم پر حملے کے دوران پولیس و ایف سی اہلکاروں کو نشانہ بنایا جس کے نتیجے میں ایک اہلکار شہید ہو گیا اور ایک زخمی ہوا۔ واقعے کی اطلاع ملتے ہی پولیس کی بھاری نفری موقع پر پہنچ گئی اور تحقیقات کا آغاز کیا جبکہ شہید اہلکار اور زخمی کو ہسپتال منتقل کیا گیا۔
ڈی پی او ٹانک سجاد احمد کا کہنا ہے کہ پولیو ٹیم کی سیکیورٹی پر مامور اہلکاروں پر حملہ کرنے والے افراد فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے جن کی تلاش کیلئے سرچ آپریشن کر دیا گیا ہے اور جلد ہی انہیں قانون کی گرفت میں لے لیا جائے گا۔ 
واضح رہے کہ گزشتہ جمعہ کے روز جی ایچ کیو کی ٹیم نے پولیو کے فارنرز حکام کے ہمراہ مذکورہ علاقے کا دورہ کیا تھا، اور اسی روز ٹانک کے گنجان آباد علاقے سے 4 کلو وزنی بم بھی برآمد ہوا تھا جسے پولیس نے ناکارہ بنایا تھا۔

مزیدخبریں