کراچی: ویسٹ انڈیز کرکٹ ٹیم کے ہیڈ کوچ فل سمنز نے کہا ہے کہ ٹیم کے کسی کھلاڑی کو بھی پاکستان آنے میں کوئی ہچکچاہٹ نہیں تھی اور سب یہاں آ کر بہت خوش ہیں۔
شہر قائد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے فل سمنز نے کہا کہ پہلے بھی پاکستان آ چکا ہوں اور یہاں آ کر ہمیشہ انجوائے کیا ہے۔ پاکستان کے شاہین شاہ آفریدی نے حالیہ دنوں کرکٹ میں شاندار کارکردگی دکھائی ہے مگر ہماری ٹیم بھی بھرپور مقابلے کیلئے پوری طرح تیار ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ پاکستان اور ویسٹ انڈیز کے درمیان دلچسپ مقابلے دیکھنے کو ملیں گے، پاکستان کرکٹ ٹیم کی باؤلنگ کیساتھ ساتھ بیٹنگ بھی بہت اچھی ہے، اس لئے ہمیں اپنی کرکٹ کے معیار کو بہتر کرنا ہو گا۔
دوسری جانب پاکستان اور ویسٹ انڈیز کی سیریز شروع ہونے سے پہلے ہی کورونا وائرس نے ’انٹری‘ دیدی ہے اور ویسٹ انڈیز ٹیم کے دو کھلاڑی کے کورونا وائرس کے ٹیسٹ مثبت آئے ہیں جس کے بعد انہیں قرنطینہ کر دیا گیا ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ دونوں کھلاڑیوں کے نام سامنے نہیں آئے مگر انہیں فوری طور پر سکواڈ کے دیگر افراد سے الگ قرنطینہ کر دیا گیا ہے جبکہ دیگر کھلاڑیوں کے کورونا وائرس کے ٹیسٹ بھی دوبارہ لئے جائیں گے۔
واضح رہے کہ ویسٹ انڈیز کرکٹ ٹیم ٹی 20 اور ون ڈے سیریز کھیلنے گزشتہ روز کراچی پہنچی تھی، پاکستان اور ویسٹ انڈیز کے درمیان پہلا ٹی 20 میچ 13 دسمبر کو کراچی کے نیشنل سٹیڈیم میں شیڈول ہے۔
کسی کھلاڑی کو پاکستان آنے میں کوئی ہچکچاہٹ نہیں تھی: ہیڈ کوچ ویسٹ انڈیز کرکٹ ٹیم
11:04 AM, 11 Dec, 2021