لاہور: وفاق کے بعد پنجاب میں بھی ردوبدل کرنے کا امکان ہے۔ ذرائع کے مطابق پنجاب کی کابینہ میں مزید وزرا لینے کا فیصلہ کر لیا گیا ہے۔
وزیراعظم عمران خان کے معاونین خصوصی اوورسیز پاکستانیز زلفی بخاری کے کزن یاور بخاری کو کابینہ میں شامل کیے جانے کا امکان ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ یاور بخاری کو پنجاب کا وزیر داخلہ بنائے جانے کا امکان ہے۔ اس کے علاوہ مسرت جمشید چیمہ کو بھی صوبائی وزیر بنائے جانے کا امکان ہے اور انہیں امور نوجوانان کی وزرات مل سکتی ہے۔
واضح رہے کہ زلفی بخاری کے کزن یاور بخاری پنجاب اسمبلی کے حلقہ پی پی (1) اٹک سے تحریک انصاف کے ٹکٹ پر رکن اسمبلی منتخب ہوئے اور پبلک اکاونٹس کمیٹی پنجاب ٹو کے چیئرمین بھی ہیں۔
خیال ہے کہ وفاقی کابینہ میں بھی ردوبدل کی گئی اور شیخ رشید سے ریلوے کا قلمدان واپس کے کر وفاقی وزیر داخلہ بنا دیا گیا جبکہ اعظم سواتی کو ریلوے کا وزیر لگایا گیا۔
وفاقی وزیر داخلہ کا عہدہ ملنے کے بعد شیخ رشید نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا پاکستان سے منی لانڈرنگ کا خاتمہ کریں گے اور جو لوگ ملک میں انتشار پیدا کر رہے ہیں وہ ناکام ہوں گے جبکہ عمران خان تمام مسائل میں کامیاب ہو کر نکلیں گے۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ اقتدار کے بھوکے اتوار بازار لگانے جا رہے ہیں اور اپوزیشن کو جلسہ کرنے کی کھلی اجازت ہے جبکہ پی ڈی ایم کے جلسے سے عمران خان کہیں نہیں جا رہا جبکہ 2 ماہ سے یہ لوگ مہم چلا رہے ہیں لیکن عمران خان مینار پاکستان جلسے سے مقبول ہوا یہ غیر مقبول ہوں گے۔
وفاقی وزیر داخلہ نے کہا ملک میں آئین و قانون کی بالادستی ہو گی اور پی ڈی ایم کو جلسے کی اجازت ہے نہ کوئی روک ٹوک ہو گی اور نہ ہی کنیٹنر لگائں گے جبکہ پنجاب میں پکڑ دھکڑ صوبائی حکومت کر رہی ہے ۔ اگر یہ اپوزیشن رہی تو عمران خان اگلا الیکشن بھی جیتے گا اور اپوزیشن عمران خان سے بات نہیں کرنا چاہتی تو بتا دے کس سے بات کریں گے۔
مولانا فضل الرحمان اسلام آباد آئیں گے تو انہیں کشمیری چائے پلاؤں گا۔ خیال رہے کہ سیاسی جوڑ توڑ کے ماہر شیخ رشید کی دیرینہ خواہش پوری ہوئی اور وہ وفاقی وزیر داخلہ بن گئے۔ بطور وزیر داخلہ شیخ رشید کی یہ 15 ویں وزارت ہے کیونکہ وہ پہلی دفعہ 1991 میں نواز شریف کابینہ میں وزیر صنعت بنے۔