پی ڈی ایم حکومت کو گھر بھیج کر دم لے گی، بات چیت کا وقت گزر گیا، مریم نواز

05:44 PM, 11 Dec, 2020

لاہور: مسلم لیگ (ن) کی نائب صدر مریم نواز نے پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری سے ملاقات کے بعد میڈیا کو بریفنگ دیتے ہوئے کہا پی ڈی ایم حکومت کو گھر بھیج کر دم لے گی کیونکہ یہ نواز شریف اور پی ڈی ایم سے مقابلے کی باتیں کرتے تھے لیکن اب لگتا ہے ان کا مقابلہ ڈی جے بٹ اور ٹینٹ کرسیوں والوں سے ہے۔ مریم نواز نے حکومتی پیشکش کو مسترد کرتے ہوئے کہا کٹھ پتلی حکومت سے بات چیت کا وقت گزر گیا ہے۔ 

اس موقع پر پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا پی ڈی ایم نے فیصلہ کر لیا ہے کہ 31 دسمبر تک پارٹی قیادت کے پاس استعفے جمع ہونگے اور تحریک کی کامیابی سے آگے بڑھ رہی ہے جبکہ حکومت کی پریشانی سب کے سامنے ہے اور 13 تاریخ کو لاہور میں تاریخی جلسہ ہو گا۔ 

اس سے قبل پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے مریم نواز سے اہم ملاقات کی جس میں حکومت مخالف تحریک پر مشاورت کی گئی۔ بلاول بھٹو زرداری نے جاتی امرا میں مریم نواز سے ان کی دادی بیگم شمیم اختر کے انتقال پر تعزیت کی۔ بلاول بھٹو نے نواز شریف اور شہباز شریف کی والدہ کے لئے فاتحہ خوانی بھی۔ ان کے ہمراہ شیری رحمان، راجہ پرویز اشرف اور قمر زمان کائرہ بھی تھے۔ اس موقع پر مسلم لیگ (ن) کے رہنما احسن اقبال، پرویز رشید، راناثنااللہ ، محمد زبیر اور مریم اورنگزیب بھی ملاقات میں موجود تھے۔ 

خیال رہے کہ مسلم لیگ (ن) کی نائب صدر مریم نواز شریف اور ان کی جماعت کے سینکڑوں کارکنوں کیخلاف مقدمات درج کر لئے گئے ہیں۔ ان مقدمات میں اشتعال انگیز تقریروں، ایس او پیز کی خلاف ورزی اور دیگر الزامات عائد کئے گئے ہیں۔

مریم نواز شریف اور لیگی کارکنوں کیخلاف یہ مقدمات اچھرہ، مزنگ اور گوالمنڈی سمیت دیگر تھانوں میں درج کئے گئے ہیں۔ دلچپ بات یہ ہے کہ گزشتہ رات مریم نواز نے لکشمی چوک کے جس ہوٹل میں کھانا کھایا تھا، اس کے مالکان کیخلاف بھی ایس او پیز کی خلاف ورزی کا مقدمہ درج کر لیا گیا ہے۔

گزشتہ روز مریم نواز شریف کی قیادت میں لیگی کارکنوں نے گجومتہ سے داتا دربار تک ریلی نکالی تھی۔ اس موقع پر مریم نواز نے جگہ جگہ اپنے خطاب میں لاہوریوں سے اپیل کی کہ وہ 13 دسمبر کو مینار پاکستان جلسے میں ضرور پہنچیں کیونکہ یہ جلسہ حکومت کو گھر بھیجنے کا باعث بنے گا۔

مزیدخبریں