ایل او سی کی خلاف ورزیاں، شہری آبادی پر فائرنگ، پاکستان کا بھارت سے شدید احتجاج

02:10 PM, 11 Dec, 2020

اسلام آباد: لائن آف کنٹرول (ایل او سی) پر بھارتی افواج کی جانب سے سیز فائر کی خلاف ورزیوں پر سینئر بھارتی سفارتکار کو دفتر خارجہ طلب کرکے شدید احتجاج ریکارڈ کرایا گیا ہے۔

پاکستان نے بھارتی سفارتکار کو احتجاج ریکارڈ کراتے ہوئے مراسلہ بھی تھمایا۔ ترجمان دفتر خارجہ زاہد حفیظ چودھری کا کہنا تھا کہ بھارتی افواج نے تتہ پانی سیکٹر پر 9 دسمبر کو بلا اشتعال فائرنگ کی۔ بھارتی افواج کی اشتعال انگیزی سے شہری زخمی ہوا۔

ترجمان دفتر خارجہ کا کہنا تھا کہ بھارت رواں سال 2940 بار سیز فائر کی خلاف ورزیاں کر چکا ہے۔ رواں سال بھارتی فائرنگ سے 27 شہادتیں ہوئیں جبکہ 247 افراد زخمی ہو چکے ہیں۔

زاہد حفیظ چودھری کا کہنا تھا کہ بھارت کا شہریوں کو جان بوجھ کر نشانہ بنانا قابل مذمت ہے۔ بھارتی فورسز ایل او سی پر شہری آبادی کو نشانہ بنا رہی ہیں۔

خیال رہے کہ گزشتہ رات بھارتی فورسز نے ایک بار پھر بین الاقوامی قوانین کی دھجیاں اڑاتے ہوئے ایل او سی پر شہری آبادی کو اپنی فائرنگ کا نشانہ بنایا تھا جس کے نتیجے میں ایک خاتون زخمی ہو گئی تھی۔

بھارتی فوج نے آبادی کو بھاری ہتھیاروں اور مارٹرز گولوں سے نشانہ بنایا۔ بھارتی فوج کی فائرنگ سے زخمئ خاتون کو موقع پر طبی امداد دے کر ہسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔

مزیدخبریں