لاہور: مسلم لیگ (ن) کی نائب صدر مریم نواز کے شوہر کیپٹن ریٹائرڈ صفدر نے لاہور ہائیکورٹ میں سیکیورٹی فراہم کرنے کیلئے درخواست دائر کر دی ہے۔
کیپٹن ریٹائرڈ صفدر کی جانب سے دائر درخواست میں موقف اختیار کیا گیا ہے کہ سابق رکن قومی اسمبلی اور ملک کا شہری ہونے کی حیثیت سے سیکیورٹی فراہم کرنا ان کا بنیادی حق ہے۔
درخواست میں کہا گیا ہے کہ سیکیورٹی کیلئے پولیس سے کہا دی لیکن کوئی جواب نہیں ملا۔ سیاسی سرگرمیوں کیلئے پورے ملک میں آنا جانا رہتا ہے۔
لیگی رہنما کیپٹن ریٹائرڈ صفدر کی جانب سے عدالت عالیہ میں جمع کرائی گئی درخواست میں کہا گیا ہے کہ ناموس رسالت ﷺ کیلئے آواز اٹھاتا رہا، اس کے علاوہ سیاسی طور پر بھی متحرک ہوں۔
ان کا کہنا تھا کہ لاہور میں بیوی کے ساتھ قومی احتساب بیورو (نیب) آفس جاتے ہوئے ایک بار حملہ ہو چکا ہے۔ آئی جی خیبر پختونخوا (کے پی)، پنجاب، سندھ، اسلام آباد کو سیکیورٹی فراہم کرنے کا حکم دیا جائے۔