لاہور: مسلم لیگ (ن) کی نائب صدر مریم نواز شریف اور ان کی جماعت کے سینکڑوں کارکنوں کیخلاف مقدمات درج کر لئے گئے ہیں۔ ان مقدمات میں اشتعال انگیز تقریروں، ایس او پیز کی خلاف ورزی اور دیگر الزامات عائد کئے گئے ہیں۔
مریم نواز شریف اور لیگی کارکنوں کیخلاف یہ مقدمات اچھرہ، مزنگ اور گوالمنڈی سمیت دیگر تھانوں میں درج کئے گئے ہیں۔ دلچپ بات یہ ہے کہ گزشتہ رات مریم نواز نے لکشمی چوک کے جس ہوٹل میں کھانا کھایا تھا، اس کے مالکان کیخلاف بھی ایس او پیز کی خلاف ورزی کا مقدمہ درج کر لیا گیا ہے۔
خیال رہے کہ گزشتہ روز مریم نواز شریف کی قیادت میں لیگی کارکنوں نے گجومتہ سے داتا دربار تک ریلی نکالی تھی۔ اس موقع پر مریم نواز نے جگہ جگہ اپنے خطاب میں لاہوریوں سے اپیل کی کہ وہ 13 دسمبر کو مینار پاکستان جلسے میں ضرور پہنچیں کیونکہ یہ جلسہ حکومت کو گھر بھیجنے کا باعث بنے گا۔
گزشتہ روز بھی اپنے خطاب میں انہوں نے حکومت اور وزیراعظم عمران خان کو خوب تنقید کا نشانہ بنایا اور ان کی پالیسیوں کو ملک وقوم کیلئے نقصان دہ قرار دیا۔ ان کا کہنا تھا کہ گزشتہ ڈھائی سال سے عوام مہنگائی کی چکی میں پس رہے ہیں لیکن حکومت کو ان کی کوئی فکر نہیں ہے۔ آٹا، چینی، بجلی اور گیس سمیت ہر چیز مہنگی کرکے عوام کی پہنچ سے دور کر دی گئی ہے۔
انہوں نے جوش خطابت میں الزام عائد کیا کہ اقتدار میں آتے ہی اپوزیشن کو این آر او کبھی نہ دینے کا کہنے والا وزیراعظم گزشتہ دو دن سے نواز شریف سے ہاتھ جوڑ کر معافی مانگ رہا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ حکومت سے کوئی مذاکرات نہیں ہونگے۔