سری نگر: مقبوضہ کشمیر میں 4 ماہ کی بندش کے بعد ان کمنگ ایس ایم ایس سروس بحال کر دی گئی۔ غیر ملکی میڈیا سروس کے مطابق مقبوضہ کشمیر میں ان کمنگ ایس ایم ایس سروس تو بحال ہو گئی ہے تاہم موبائل انٹرنیٹ سروس اب بھی معطل ہے۔بھارتی حکام کے مطابق مقبوضہ کشمیر میں آج صبح سے شہری، موبائل فون پر میسج وصول کر سکیں گے۔
دوسری جانب ایس ایم ایس کی آؤٹ گوئنگ سروس ابھی بھی بند ہے اور کشمیری شہری اپنے موبائل سے اب بھی ایس ایم ایس نہیں بھیج سکتے ہیں۔
واضح رہے کہ 5 اگست سے مقبوضہ وادی میں رابطوں کے ذرائع منقطع تھے۔
دوسری جانب بھارتی پارلیمنٹ کے ایوانِ زیریں میں تارکینِ وطن کی شہریت سے متعلق متنازع ترمیمی بل کی منظوری کے خلا ف بھارت کے اندر سے ہی آوازیں اٹھنے لگیں، شمال مشرقی ریاستوں میں گزشتہ روز 12 گھنٹے تک ہڑتال رہی۔
آسام ، منی پور، تریپورہ سمیت بھارت کی شمال مشرقی ریاستوں میں بل کی منظوری کے خلا ف احتجاج کا سلسلہ جاری رہا، عوام سڑکوں پر نکل آئی، ٹائر جلا کر سڑکیں بلاک کر دیں جبکہ آسام میں تعلیمی ادارے اور کاروباری مراکز بھی بند رہے اور امتحانات ملتوی کردیئے گئے۔