نیویارک: گوگل کے سی ای او نے بالآخر اس راز سے پردہ اٹھا دیا کہ گوگل سرچ میں احمق یعنی ’idiot‘ کے لفظ کو سرچ کرنے پر صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی تصاویر کیوں سامنے آتی ہیں۔
گوگل دنیا کا سب سے بڑا سرچ انجن ہے جس پر روزانہ کروڑوں الفاظ سر چ کیے جاتے ہیں۔ مگر اس بار امریکی کانگریس نے گوگل کے سی ای او سندر پچائی کو طلب کر وضاحت مانگی کیونکہ گوگل پر یہ الزام لگایا جاتا ہے کہ اس کا سرچ انجن متعصب ہے جو احمق لکھنے پر ڈونلڈ ٹرمپ کی تصاویر شو کرتا ہے۔
بزنس ان سائیڈر کی رپورٹ کے مطابق گوگل کے سی ای او نے امریکی کانگریس کی کمیٹی کے سامنے پیش ہو کر سرچ انجن کے ٹیکنیکل طریقہ کار کے بارے میں بتایا اور امریکی کانگریس کی طرف سے لگائے گئے مبینہ الزام کو مسترد کر دیا۔
ناصرف امریکی صدر ڈونلڈٹرمپ بلکہ دنیا بھر کے سیاست دان کے ساتھ یہی معاملہ ہے، گوگل پر "بھکاری" لکھنے سے وزیراعظم عمران خان، چور لکھنے سے نواز شریف اور شریف خاندان کی تصاویر شو ہو تی ہیں، بھارتی وزیراعظم نریندرا مودی کو گوگل دنیا کا احمق ترین وزیر اعظم بتاتا ہے۔
ماہرین کے مطابق اس کی بنیادی وجہ سوشل میڈیا پر صارفین کا ان حکمرانوں کو ان کے نت نئے ناموں کے ذریعے مخاطب کرنے سے ہوتا ہے۔