(ن) لیگ کی ترجمان مریم اورنگزیب کے اثاثوں کی چھان بین شروع

03:11 PM, 11 Dec, 2018

اسلام آباد: قومی احتساب بیورو نے مریم اورنگزیب کے اثاثوں کی چھان بین شروع کر دی۔ ترجمان نیب نے بتایا کہ سابق وزیر اطلاعات مریم اورنگزیب کے خلاف نیب کو شکایت موصول ہوئی تھی جس میں شکایت کنندہ نے ان کے اثاثوں سے متعلق تفصیلات فراہم کی ہیں۔

ترجمان کا کہنا تھا کہ مریم اورنگزیب کے خلاف شکایت کنندہ کا نام ابھی نہیں بتا سکتے تاہم شکایت پر قانون کے مطابق عملدرآمد ہوگا۔

مریم اورنگزیب مسلم لیگ (ن) کی ترجمان ہیں اور (ن) لیگ کے گزشتہ دورِ حکومت میں وزیر مملکت برائے اطلاعات رہ چکی ہیں۔ وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے حکومت کے آخری ایام میں انہیں وفاقی وزیر کا درجہ دیا تھا۔

واضح رہے آج لاہور ہائیکورٹ سے عبوری ضمانت میں توسیع کی درخواست مسترد ہونے کے بعد نیب نے پیراگون ہاؤسنگ سوسائٹی کیس میں مسلم لیگ ن کے رہنما سابق وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق اور ان کے بھائی سلمان رفیق کو گرفتار کر لیا ہے جب کہ مسلم لیگ (ن) کے صدر اور قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر شہباز شریف پہلے ہی گرفتار ہیں۔

مزیدخبریں