شاہ سلمان توانائی پارک کے پہلے مرحلے کا سنگِ بنیاد رکھ دیا گیا

12:20 PM, 11 Dec, 2018

ریاض: سعودی عرب کے ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان نے شاہ سلمان انرجی پارک (سپارک) کے منصوبے کے پہلے مرحلے کا سنگِ بنیاد رکھ دیا ہے۔ یہ منصوبہ مشرقی صوبے کے شہر الدمام اور الاحساء کے درمیان واقع ہے۔ عرب ٹی وی کے مطابق سعودی عرب کے وزیر توانائی اور قومی آئل اینڈ گیس کمپنی آرامکو کے چیئرمین خالد الفلیح نے سنگِ بنیاد رکھنے کی تقریب کے موقع پر کہا کہ سپارک ایک خصوصی اقتصادی زون ہو گا۔

انھوں نے اس منصوبے کے نمایاں خدوخال بیان کرتے ہوئے کہا کہ سپارک مملکت کے ویژن 2030ء کے تحت وضع کیے گئے سب سے اہم منصوبوں میں سے ایک ہے۔ اس سے سعودی عرب کو عالمی سطح پر توانائی کے شعبے میں اہم مقام دلانے میں مدد ملے گی اور اس سے ہنرمند افرادی قوت کے لیے روزگار کے ہزاروں مواقع پیدا ہوں گے۔

اس موقع پر سعودی آرامکو کے صدر اور سی ای او امین ایچ نصر نے کہا کہ شاہ سلمان توانائی پارک سے ترقی کا ایک نیا دور شروع ہو گا اور یہ خطے کی معیشتوں میں ایک مرکزی گیٹ وے کا کردار ادا کرے گا۔ ہم سپارک میں اپنے شراکت داروں کے ساتھ تعاون کے منتظر ہیں۔ اس کی تکمیل کے بعد ملک کی مجموعی قومی پیداوار ( جی ڈی پی) میں سالانہ 6 ارب ڈالرز کا اضافہ ہو گا اور بالواسطہ یا بلاواسطہ ملازمتوں کے کم سے کم ایک لاکھ مواقع پیدا ہوں گے۔

یاد رہے کہ سپارک 50 مربع کلومیٹر پر محیط توانائی کا ایک بڑا منصوبہ ہے جس کا پہلا مرحلہ 2021 میں پایہ تکمیل کو پہنچے گا۔

مزیدخبریں