فیصل آباد :روٹھے ن لیگی رہنما پیر حمید الدین سیالوی کہتے ہیں کہ نہ پہلے دھرنا دیا نہ اب دوں گا لیکن اپنے مؤقف سے ہٹ نہیں سکتے۔انہوںنے کہا کہ استعفوں سے ن لیگ کو فرق نہیں پڑتا تو نہ پڑے ۔انہوں نے شکوہ کیا کہ شہبازشریف نے ملاقات کیلئے آنے کا کہا تھا لیکن وہ نہیں آئے۔ہماری جدوجہد کے خلاف سنگین پروپیگنڈا کیا گیا۔رانا ثنا اللہ کی تقریر سے مسلمانوں کے جذبات مجروح ہوئے ۔
یاد رہے کہ کل پیر حمید الدین سیالوی کی سربراہی میں فیصل آباد میں ختم نبوت کانفرنس ہوئی جس میں مسلم لیگ ن کے 5 اراکین اسمبلی نے استعفیٰ دیدیے۔ جن میں 3 صوبائی اسمبلی کے اراکین اور 2 قومی اسمبلی کے اراکین شامل تھے ۔اس کے علاوہ 30 چیئرمینوں نے بھی اپنی سیاست کا اختیار پیر حمید الدین سیالوی کے سپرد کر دیا ہے ۔
پیر حمید الدین سیالوی کا مطالبہ ہے کہ رانا ثنا ءاللہ استعفیٰ دیں اگر وہ استعفیٰ نہیں دیں گے تو میرے پاس 15 اراکین کے استعفیٰ موجود ہیں۔ خیال رہے کہ ختم نبوت کے حلف نامے میں ترمیم کے حوالے سے مسلم لیگ ( ن ) کے کئی اراکین قومی و صوبائی اسمبلی کی جانب سے تحفظات کا اظہار کیا گیا تھا۔