اسلام آباد: وزیرمملکت برائے اطلاعات مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ چیئرمین پاکستان تحریک انصاف عمران خان سانحہ ماڈل ٹاون کے ٹھیکیدار نہ بنیں، جواب دیں کہ پارلیمنٹ پرحملہ اور پولیس کو کیوں مارا تھا۔
پیر کو مریم اورنگزیب کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ عمران خان آج بھی کنٹینر پرکھڑے ہیں جبکہ خیبرپختونخواکے سکولوں میں کم اندراج کی وجہ سے ایک ہزار سکول بند ہو گئے ہیں۔ انہوں نے کہا عوام پارلیمنٹ اور قانون نافذ کرنے والوں پر حملہ کرنے والے کی سزا کے انتظار میں ہیں، عمران خان کی جنگ کرپشن کیخلاف ہوتی تو خیبرپختونخوا میں احتساب کمیشن بند نہ کرتے، وہ اپنی حکومت اور وزرا کی کرپشن چھپانے کیلئے شور مچا رہے ہیں۔
وزیرمملکت برائے اطلاعات کا کہنا ہے کہ عمران خان تو خود اپنی پارٹی کی فنڈنگ کے لئے جوا کھیلنے کا اعتراف کر چکے ہیں، وہ عدالتوں کو کیا جواب دیں گے، عائشہ گلالئی کو بھی جواب نہ دے سکے۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان نے تواتنی بجلی بنانی تھی کہ پورے ملک نے استعمال کرنی تھی لیکن اسکا کیا ہوا۔