شکیب الحسن بنگلہ دیش کے نئے ٹیسٹ کپتان مقرر

01:46 PM, 11 Dec, 2017

ڈھاکا: بنگلہ دیش کرکٹ بورڈ نے مشفیق الرحیم کی جگہ شکیب الحسن کو ٹیسٹ ٹیم کا نیا کپتان مقرر کردیا ہے جبکہ محموداللہ کو نائب کپتان کی ذمے داریاں سونپ دی گئی ہیں۔بنگلہ دیش نے 2011 میں مشفیق الرحیم کو ٹیسٹ ٹیم کی قیادت سونپی تھی لیکن اب چھ سال بعد آل راؤنڈر شکیب الحسن کو یہ ذمے داری دے دی گئی ہے جبکہ تمیم اقبال کی جگہ محموداللہ کو ان کا نائب مقرر کردیا ہے۔

بنگلہ دیش کرکٹ بورڈ کے صدر نظم الحسن نے کہا کہ آئندہ ماہ سری لنکا کے خلاف دو ٹیسٹ میچوں کی سیریز میں شکیب ٹیم کی قیادت کریں گے لیکن انہوں نے یہ واضح نہیں کیا کہ شکیب کو کتنہ مدت کیلئے یہ ذمے داری سونپی گئی ہے۔نظم الحسن نے کہا کہ ہم مشفیق کو قیادت سے ہٹانے کی اصل وجوہات کے بارے میں بات نہیں کرنا چاہتے لیکن ہم چاہتے ہیں مشفیق اب اپنی بیٹنگ پر بھرپور توجہ دیں اور ان پر کسی بھی قسم کا دباؤ نہ ہو۔مشفیق الرحیم نے 34 ٹیسٹ میچوں میں بنگلہ دیش کی قیادت کی اور ان کی زیر قیادت ٹیم نے آسٹریلیا، انگلینڈ اور سری لنکا جیسی ٹیموں کو شکست دیتے ہوئے مجموعی طور پر سات کامیابیاں سمیٹیں البتہ ٹیم کو 18 میچوں میں ناکامی کا منہ بھی دیکھنا پڑا جبکہ نو ٹیسٹ میچ ڈرا ہوئے۔

مزیدخبریں