ممبئی: بالی فلم 'دنگل' سے شہرت حاصل کرنے والی بھارتی چائلڈ اسٹار زائرہ وسیم کو دوران پرواز ہراساں کرنے والے ملزم کو گرفتار کر لیا گیا۔ بھارتی میڈیا کے مطابق زائرہ وسیم کو دوران پرواز ہراساں کرنے والے 39 سالہ ملزم کو پولیس نے ممبئی میں واقع اس کے گھر سے گرفتار کیا۔ رپورٹس کے مطابق ملزم کا نام وکاش سچ دیو ہے اور وہ ایک کاروباری شخص ہے جسے ہوائی جہاز کے ٹکٹ کی مدد سے شناخت کیا گیا۔
ڈپٹی کمشنر آف پولیس انیل کمبھرے کے مطابق ملزم وکاش کو آج عدالت میں پیش کیا جائے گا۔ یاد رہے کہ 17 سالہ چائلڈ اسٹار زائرہ وسیم نے گذشتہ روز اپنے ساتھ پیش آنے واقعے کی تفصیل سوشل میڈیا پر ایک ویڈیو پوسٹ میں بتائی تھی۔
انسٹاگرام پر پوسٹ کی گئی ایک ویڈیو میں زائرہ کا کہنا تھا کہ دہلی سے ممبئی جاتے ہوئے دوران پرواز ایک شخص نے انھیں ہراساں کیا اور مسافروں اور عملے میں سے کوئی بھی ان کی مدد کو نہیں آیا۔
دوسری جانب ایئرلائن کی انتظامیہ نے زائرہ وسیم کی شکایت پر رد عمل دیتے ہوئے اپنے ٹوئٹر پیغام میں کہا تھا کہ ان کی شکایات پر تحقیقات جاری ہیں اور اس قسم کا رویہ کسی کے ساتھ بھی ناقابل برداشت ہے۔
نیو نیوز کی براہ راست نشریات، پروگرامز اور تازہ ترین اپ ڈیٹس کیلئے ہماری ایپ ڈاؤن لوڈ کریں