حدیبیہ کیس، نیب کی سماعت ملتوی کرنے کی درخواست مسترد

10:05 AM, 11 Dec, 2017

اسلام آباد: سپریم کورٹ میں حدیبیہ کیس کی سماعت جاری ہے ۔ جسٹس مشیر عالم کی سربراہی میں تین رکنی بینچ سماعت کر رہا ہے۔ نیب نے سماعت ملتوی کرنے کی درخواست دائر کی جسے عدالت عظمیٰ نے مسترد کر دیا ہے.سماعت کے دوران نیب کے وکیل نے موقف اپنایا کہ پراسیکیوٹر نیب کا عہدہ خالی ہے اور مناسب ہے اس اہم مقدمے میں پراسیکیوٹر خود پیش ہوں۔ جسٹس مشیر عالم نے کہا کہ التواء کی یہ کوئی بنیاد نہیں ہے۔ پراسیکیوٹر کی تقرری سے ہمارا کوئی تعلق نہیں۔

جسٹس قاضی فائز عیسیٰ نے ریمارکس دیئے کہ ہمارے لئے ہر کیس ہائی پروفائل ہے عدالت کا مذاق نہ اڑائیں کیوں نہ آپ کے خلاف توہین عدالت کی کارروائی کریں کیونکہ اگر نیب سے کوئی لاء افسر اس کیس میں پیش نہیں ہو سکتا تو استعفیٰ دیدیں۔

جسٹس قاضی فائز عیسیٰ نے استفسار کیا کہ التواء کی درخواست کی ہدایت کس نے دی؟۔ جس پر نیب کے وکیل نے کہا کہ یہ فیصلہ چیئرمین نیب کی سربراہی میں ہونے والے اجلاس میں کیا گیا۔ پراسیکیوٹر نیب کی سمری بھیجی جا چکی ہے جلد منظور ہو جائے گی۔ جسٹس قاضی فائز عیسیٰ نے کہا کہ تو پھر کیوں نہ ہم چیئرمین نیب کو بلا لیں؟۔ جسٹس مشیر عالم نے کہا کیس ملتوی نہیں ہو گا کچھ دیر بعد سماعت کریں گے۔

 نیو نیوز کی براہ راست نشریات، پروگرامز اور تازہ ترین اپ ڈیٹس کیلئے ہماری ایپ ڈاؤن لوڈ کریں

مزیدخبریں