ممبئی: معروف بھارتی ٹی وی اداکارہ ٹینا دتا کے ساتھ راجکوٹ جاتے ہوئے جہاز میں مسافر نے غیر اخلاقی حرکت کرڈالی۔بھارت میں خواتین کے ساتھ جنسی زیادتی کے واقعات عام ہیں جس سے فلم نگری بھی متاثر نظر آتی ہے جہاں فلموں میں کام کا جھانسہ دے کراداکاراؤں کو زیادتی کا نشانہ بنایا جاتا ہے لیکن اب بھارت میں جنسی درندگی ہوائی جہاز میں بھی شروع ہوگئی ہے جس کااعتراف بالی ووڈ اداکارہ نے کیا ہے۔ اداکارہ ٹینا دتا نے فیس بک پر پوسٹ کے ذریعے ہوائی جہاز میں اپنے ساتھ ہونے والی غیر اخلاقی حرکت کا انکشاف کرتے ہوئے نامعلوم شخص، فضائی عملے اور ایئرکمپنی کے خلاف کارروائی کا مطالبہ کیا ہے۔ اداکارہ کے مطابق 9 دسمبر کو ممبئی سے راجکوٹ جاتے ہوئے برابر کی نشست پر بیٹھے راجیش نامی شخص نے جسم کے مختلف حصوں پر چھونے کی کوشش کی جس پر مجھے لگا کوئی بچہ ہے لیکن پیچھے دیکھا تو بڑی عمر کا شخص غیر اخلاقی حرکت کا مرتکب ہوا تھا جس پر میں چلائی اور وہ شخص ڈر گیا اور مجھ سے معافی بھی مانگی۔
ٹینا دتا نے کہا کہ فضائی عملے سے مسافر کی شکایت کرنے کی کوشش کی جس پر عملے نے کسی قسم کی بات سننے سے انکار کردیا اورپھر مسافر کی سیٹ تبدیل کرنے کا کہا گیا لیکن راجیش کے خلاف کسی قسم کی کارروائی سے گریز کیا گیا جس سے مجھے مایوسی ہوئی ہے۔دوسری جانب سوشل میڈیا پر مداحوں نے اداکارہ کے ساتھ ہونے والے واقعے کو سخت تنقید کانشانہ بنایا ہے اور ملزم، فضائی عملے اورانتظامیہ کے خلاف کارروائی کا مطالبہ کیا ہے۔