کراچی : چاہے کردار ایک کسائی کا ہو یا کسی سرکاری ملازم کا، پاکستان کے معروف و نامور اداکار جاوید شیخ ہر طرح کے کردار کو بخوبی نبھانے ک افن جانتے ہیں اور اب وہ بہت جلد ایک امیر کاروباری شخص کے روپ میں نظر آئیں گے۔
جاید شیخ بہت جلد پاکستان کے معروف ہدایت کار اور پروڈیوسر ذوالفقار احمد شیخ کی فلم ’سچ‘ میں اپنی اداکاری کے جوہر دکھائیں گے، اس فلم میں وہ دو بیٹوں کے والد اور ایک امیر کاروباری شخص کا کردار ادا کریں گے۔ذوالفقار احمد نے بتایا کہ ’یہ فلم ایک میوزیکل رومانوی ڈرامہ ہے، میں اس فلم پر دو سال سے کام کررہا ہوں، اور اب اس کا اسکرین پلے تیار ہوچکا ہے، مجھے صرف اس کے ڈائیلاگز پر کام کرنے کی ضرورت ہے‘۔انہوں نے مزید کہا کہ بیٹوں کا کردار ادا کرنے والے اداکاروں، میوزک ڈائریکٹر اور مصنف کے ناموں کا جلد اعلان کیا جائے گا، اس فلم میں 7 گانے شامل کیے جائیں گے۔
ذوالفقار احمد کے مطابق اس فلم میں کئی ایسے اداکار بھی شامل کیے جائیں گے جو معاون کردار ادا کریں گے، فلم کی شوٹنگ اگلے سال جولائی میں شروع ہوگی جبکہ کئی سین اسکاٹ لینڈ اور یورپ میں شوٹ کیے جائیں گے۔