لندن : خشک میوے خصوصاً بادام، اخروٹ، کاجو اور دیگرکئی امراض کو دور رکھنے کی حیرت انگیز صلاحیت رکھتے ہیں اور ان میں موجود فائبر، اینٹی آکسیڈنٹس، معدنیات اور دیگر اجزا زندگی کو طویل کرنے میں مددگار ہوتے ہیں۔ماہرین نے اسی خاصیت کی بنا پر انہیں ”سپرفوڈ“ کا درجہ دیا ہے۔
اس ضمن میں امپیریل کالج لندن اور نارویئن یونیورسٹی ا?ف سائنس اینڈ ٹیکنالوجی نے 29 اہم سروے، مطالعات اور تحقیقات کا بغور جائزہ لیا ہے۔ برٹش میڈیکل جرنل میڈیسن میں شائع ہونے والی حالیہ تحقیق کے مطابق خشک میوے امراضِ قلب، کینسر اور قبل از وقت موت کو دور کرنے میں مددگار ہوتے ہیں۔
ماہرین کے مطابق اگر کوئی باقاعدگی سے خشک میوہ جات کا استعمال کرتا ہے تو امکان ہے کہ وہ کینسر اور دل کی بیماریوں سے 22 فیصد تک بچ سکتا ہے۔ ماہرین نے مشورہ دیا ہے کہ اگر آپ صرف 20 گرام خشک میوے روزانہ کھاتے ہیں تو تمام اقسام کے کینسر کا خطرہ 15 فیصد ، دل کے امراض 30 فیصد اور سانس کے امراض میں 52 فیصد تک کمی واقع ہوسکتی ہے۔
اسی طرح انفیکشن سے پھیلنے والے امراض سے بھی 75 فیصد تک محفوظ رہا جاسکتا ہے۔ اس کی وجہ یہ ہے کہ میوے بلڈ پریشر قابو میں رکھتے ہیں، کولیسٹرول کو روکتے ہیں اس میں اینٹی آکسیڈنٹس کینسر سے بچاتے ہیں۔
خشک میوہ جات ،کینسر اور دل کی بیماریوں کے لیے فائدہ مند
12:38 PM, 11 Dec, 2016