ہیلمٹ کے بغیر پیٹرول نہ دینے کا کوئی قانون موجود نہیں : لاہور ہائیکورٹ، ڈی سی لاہور کا حکم معطل

10:04 AM, 11 Aug, 2023

نیوویب ڈیسک

 لاہور: لاہور ہائیکورٹ نے بغیر ہیلمٹ موٹر سائیکل سواروں کو پٹرول نہ دینے کا ڈی سی لاہور کا حکم معطل کر دیا۔

 ڈی سی لاہور کے بغیر ہیلمٹ کے پٹرول نہ دینے کے فیصلے کیخلاف  میاں عرفان بشیر کی جانب سے لاہور ہائیکورٹ میں درخواست دائر کی گئی تھی۔ درخواست گزار میاں عرفان بشیر کی جانب سے ایڈووکیٹ یاسر اسلام  لاہور ہائیکورٹ میں پیش ہوئے۔

درخواست گزار نے موقف اختیار کیا تھا  نوٹیفکیشن سے پٹرول پمپ مالکان کا کاروبار شدید متاثر ہورہا ہے۔  عدالت عالیہ اس سے قبل لگائی گئی پابندی کو ختم کرنے کا حکم دے چکی ہے لیکن ڈی سی لاہور کی جانب سے ہیملٹ کے بغیر موٹر سائیکل سواروں کو پیٹرول نہ دینے کا نوٹیفکیشن جاری کیا گیا ہے۔  ڈی سی لاہور کا اقدام عدالتی حکم اور بنیادی حقوق کی خلاف ورزی ہے۔ 

درخواست میں موقف اپنایا گیا تھا کہ  شہر میں سب سے زیادہ افراد موٹر سائیکلوں پر سفر کرتے ہیں، پیٹرول ایک بنیادی ضرورت بن چکا ہے۔  ہیملٹ کے حوالے سے قانون پر ٹریفک پولیس کو اقدامات کرنے چاہیے ، موٹر سائیکل سواروں کو ہیلمٹ کی پابندی کروانا ٹریفک پولیس کا کام ہے۔ 

درخواست گزار کی جانب سے استدعا کی گئی کہ عدالت ڈی سی لاہور کے جاری نوٹیفکیشن کو کلعدم قرار دے۔

سماعت کو دوران عدالت نے ریمارکس دیئے کہ ہیلمٹ کے بغیر پیٹرول نہ دینے کا کوئی قانون موجود نہیں ہے۔

بعدازاں لاہور ہائکیورٹ کی جانب سے ڈی سی لاہور کا حکم معطل کر دیا گیا۔ 

مزیدخبریں