نگراں وزیراعظم کی نامزدگی:    شہباز شریف اور اپوزیشن لیڈر کی آج پھر  ملاقات ہوگی

نگراں وزیراعظم کی نامزدگی:    شہباز شریف اور اپوزیشن لیڈر کی آج پھر  ملاقات ہوگی
سورس: File

اسلام آباد: نگراں وزیراعظم کے انتخاب کے لیے مشاورتی عمل کے تحت وزیراعظم محمد شہبازشریف اور اپوزیشن لیڈر راجہ ریاض کے درمیان آج (جمعہ کو) دوبارہ ملاقات ہوگی۔

نگراں وزیراعظم کی تقرری کے حوالے سے جمعرات کو وزیراعظم شہباز شریف اور اپوزیشن لیڈر راجہ ریاض کے درمیان ہونے والی پہلی ملاقات بے نتیجہ رہی۔

اجلاس کے بعد میڈیا سے بات کرتے ہوئے اپوزیشن لیڈر نے کہا کہ صدر نے وزیراعظم کے مشورے پر قومی اسمبلی تحلیل کی تھی۔ انہوں نے کہا کہ نگراں وزیراعظم کا تقرر تین دن میں ہو جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ جن لوگوں کو اس عہدہ کے لیے زیر غور لایا جا رہا ہے وہ تمام دیانت دار لوگ ہیں۔کسی حتمی فیصلے سے قبل مجوزہ نگران وزیراعظم کا نام ظاہر نہیں کیا جائے گا۔

راجہ ریاض نے مزید کہا کہ امید کی جا رہی ہے کہ آئندہ اجلاس میں نام کو حتمی شکل دی جائے گی۔ اپوزیشن لیڈر نے کہا کہ اگر جمعہ تک کوئی فیصلہ نہ ہوا تو اگلے روز مشاورت کی جائے گی۔

یاد رہے کہ ایم کیو ایم نے نگراں وزیراعظم کے لیے کامران ٹیسوری کا نام دیا ہے جب کہ نیشنل پارٹی نے جسٹس (ر) شکیل بلوچ کا نام تجویز کیا ہے۔

علاوہ ازیں نگراں وزیراعظم کے لیے سابق سیکریٹری خارجہ جلیل عباس جیلانی، سابق وزیر خزانہ حفیظ شیخ اور جسٹس (ر) تصدق جیلانی کے نام بھی زیر غور ہیں۔ اس کے علاوہ جسٹس (ر) مقبول باقر، فواد حسن فواد، ذوالفقار مگسی اور ڈاکٹر عشرت عباد کے نام بھی زیر غور ہیں۔

ذرائع کے مطابق اس عہدے کے لیے جلیل عباس جیلانی مضبوط ترین امیدوار ہیں۔ پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) کے شریک چیئرمین آصف زرداری نے نواز شریف کو ان کا نام تجویز کیا اور نواز شریف نے نامزدگی پر اعتراض نہیں کیا۔

واضح رہے کہ اگر وزیراعظم اور اپوزیشن لیڈر نگراں وزیراعظم کے لیے کسی نام پر اتفاق رائے نہ کرسکے تو معاملہ پارلیمانی کمیٹی کو بھیج دیا جائے گا۔ اگر کمیٹی بھی فیصلہ کرنے میں ناکام رہی تو معاملہ الیکشن کمیشن کو بھجوایا جائے گا جو دو دن میں نام منتخب کرے گا۔

صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے بدھ کی رات وزیر اعظم شہباز شریف کی ایڈوائس پر قومی اسمبلی تحلیل کر دی تھی۔  قومی اسمبلی کی تحلیل کے ساتھ ہی وفاقی کابینہ بھی تحلیل ہو گئی۔

مصنف کے بارے میں