کراچی: پاک بحریہ نے کھلے سمندر میں بھارتی کشتی جمنا ساغر کے ڈوبنے کی اطلاع ملنے پر بروقت امدادی کارروائی کرتے ہوئے 9 بھارتی ماہی گیروں کو بچا لیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق ترجمان پاک بحریہ کی جانب سے جاری بیان میں بتایا گیا ہے کہ کھلے سمندر میں بھارتی کشتی ڈوبنے کی اطلاع ملتے ہی ریسکیو آپریشن کا آغاز کر دیا گیا اور اس میں سوار 10 میں سے 9 افراد کو زندہ بچا لیا گیا۔
پاک بحریہ کے ترجمان کا کہنا ہے کہ بحری جہاز ایم ٹی کریو بیک کے ذریعے سرانجام دئیے گئے ریسکیو آپریشن کے دوران سمندر میں ڈوبنے والے ایک بھارتی شہری کی لاش بھی نکال لی گئی۔
ترجمان پاک بحریہ کا کہنا ہے کہ پاک بحریہ کا سرچ اینڈ ریسکیو آپریشن سمندر میں انسانی زندگی کے تحفظ کے عزم کا مظہر ہے اور مستقبل میں بھی ضرورت پڑنے پر ایسے ہی عزم کا اظہار کیا جاتا رہے گا۔