عمران خان بتائیں کون ہے جو آپ کو فوج سے لڑا رہا ہے: مصدق ملک

03:51 PM, 11 Aug, 2022

نیوویب ڈیسک

اسلام آباد: وزیر مملکت پٹرولیم مصدق ملک نے کہا ہے کہ عمران خان نے کہا ہمیں فوج سے لڑایا جارہا ہے ۔ عمران خان بتائیں کون ہے جو آپ کو فوج سے لڑا رہا ہے ۔

نیوز کانفرنس میں وزیر مملکت پٹرولیم نے کہا کہ عمران خان نے رات کو عوام سے خطاب کیا ، امید تھی کہ خطاب میں کوئی مثبت بات کرینگے ۔ مگر عمران نے ایسی کوئی بات نہیں کی ، بس پاکستان میں سازشوں کی بات کرتے رہے ۔ عمران خان صرف ایک ہی پیغام دے رہے ہیں کہ ہم غلام ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ ملک آزاد ہوئے 75 سال ہوچکے مگر عمران خان کو آزادی کا یقین نہیں ، سب کو چور کہنے والے کو اپنی چوری کہیں نظر نہیں آئی ۔

مصدق ملک نے کہا کہ عمران خان عارف نقوی کے رائزنگ اسٹار ہونے کا اعلان کرتے رہے ۔ عارف نقوی نے 3 ملین پاؤنڈ عمران خان کو دیئے بدلے میں عمران خان نے 250 ارب ڈالر عارف نقوی کو معاف کر دیئے ۔ عمران خان کا دوسرا رائزنگ اسٹار ایک بزنس ٹائیکون ہے ۔ عمران خان نے اس بزنس ٹائیکون سے تحفے میں زمین لے لی ۔

انہوں نے مزید کہا کہ شہباز گل اداروں کیخلاف بیان دے رہا ہے ۔ عمران خان جھوٹے منہ سے کہہ دیتے شہباز گل کا پیغام جھوٹ ہے ۔ کسی نے عمران خان کے منہ سے سنا کہ شہباز گل نے جو کیا غلط کیا ۔

مزیدخبریں