اسلام آباد: وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ 1973 کا آئین تمام اقلیتوں کو یکساں حقوق کی ضمانت دیتا ہے ۔
اقلیتوں کے قومی دن پر اپنے پیغام میں وزیر خارجہ نے کہا کہ حکومت پاکستان تمام شہریوں کو برابر سمجھتی ہے ۔ پاکستان میں مذہب اور عقیدے کی بنیاد پر کسی طرح کے امتیازی سلوک کی گنجائش نہیں ۔ انہوں نے کہا کہ انتہاپسندی ایک بین الاقوامی مسئلہ ہے ۔ اس کا سدباب عالمی برادری کے بے لوث تعاون کے بغیر ممکن نہیں ۔
بلاول بھٹو نے کہا کہ پیپلز پارٹی نظریہ پاکستان کی حقیقی اور واحد وارث ہے ۔ نظریہ پاکستان کی اساس مذہبی آزادی ، مساوات اور سماجی انصاف ہے ۔ پیپلز پارٹی نے اقلیتوں کو تمام شعبوں میں نمائندگی کیلئے نتیجہ خیز اقدامات کئے ہیں ۔
انہوں نے کہا کہ شہید بینظیر بھٹو نے اپنے دور حکومت میں اقلیتی امور کی وزارت قائم کی ، جس کا مقصد اقلیتوں کے مسائل کا جلد حل ، حقوق کو تحفظ اور ترقی کی رفتار تیز کرنا تھا ۔ صدر آصف زرداری نے 11 اگست کو ہر سال بطور اقلیتوں کا قومی دن منانے کا اعلان کیا ۔
وزیر خارجہ نے کہا کہ 1947 میں اسی دن قائداعظم نے اپنی مشہور زمانہ تقریر کی تھی ، قائداعظم نے کہا تھا پاکستان کی نئی ریاست میں اقلیتوں کو یکساں حقوق حاصل ہوں گے ۔ انہوں نے کہا کہ غیر مسلموں سے متعلق قائداعظم کی تقریر کے ہر ایک لفظ پر قائم ہیں ۔ پیپلز پارٹی ملک کو پُرامن ، خوشحال اور ترقی پسند بنانے کیلئے سرگرم عمل رہے گی ۔