ملتان: پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے وائس چیئرمین شاہ محمود قریشی نے شہباز گل کے بیان پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے کچھ جملے ایسے کہے جو اُن کو نہیں کہنے چاہیے تھے ۔
اس سے قبل فواد چوہدری نے شہباز گل کے بیان سے لاتعلقی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے جو کہا وہ اُن کی ذاتی رائے تھی ، پارٹی نے اُن کو ایسا کرنے کیلئے نہیں کہا تھا ۔ سابق وفاقی وزیر نے کہا کہ جس طرح باقی رہنماؤں کو معاف کیا گیا شہباز گل کو بھی معافی ملنی چاہیے ۔
واضح رہے کہ وزیر اعلیٰ پنجاب چوہدری پرویز الٰہی نے کہا تھا کہ چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان اور دیگر رہنماؤں کو شہباز گل کے بیان کی مذمت کرنی چاہیے ۔
نجی ٹی وی چینل کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ نے کہا کہ شہباز گل کے بیان سے پی ٹی آئی کو کافی نقصان ہو گا ۔ انہوں نے مزید کہا کہ میں نے شہباز گل کو اس طرح کا بیان دینے پر ڈانٹا تھا ۔
پرویز الٰہی نے کہا کہ عمران خان کا موقف ہے کہ جو فوج کے خلاف ہو وہ پاکستانی نہیں ہوسکتا اس لیے پی ٹی آئی کی قیادت کو فوری طور پر شہباز گل کے بیان سے الگ ہونا چاہیے ۔