مریم نواز غلط بیانی کرنا آپ کا وطیرہ ہے جو بیٹے کی شادی پر جاری رکھا، شہباز گل

10:02 PM, 11 Aug, 2021

اسلام آباد: وزیراعظم کے معاون خصوصی شہباز گل نے ن لیگ کی مرکزی نائب صدر مریم نواز کے جاری کردہ بیان پر تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ غلط بیانی کرنا آپ کا وطیرہ ہے جو آپ نے بیٹے کی شادی پر بھی جاری رکھا ہے۔

شہباز گل نے کہا ہے کہ عوام کو سچ بتائیں کہ اسی پراپرٹی کے بارے میں آپ نے کہا تھا کہ میری لندن تو کیا پاکستان میں بھی کوئی پراپرٹی نہیں ہے۔ انہوں نے الزام عائد کیا ہے کہ پھر کیلبری فونٹ سے جعلی کاغذات ملک کی اعلیٰ عدالت میں جمع کروائے۔

وزیراعظم کے معاون خصوصی شہباز گل نے اپنے ٹوئٹر پیغام میں مؤقف اپنایا ہے کہ جس پر سزا ہوئی اور اب لندن نہیں جا سکتیں۔

اس سے قبل پاکستان مسلم لیگ (ن) کی مرکزی نائب صدر مریم نواز نے اپنے بیٹے جنید صفدر کے نکاح کی تقریب کا کارڈ سوشل میڈیا پر شیئر کر دیا۔ ساتھ یہ بھی لکھا کہ میرے بیٹے جنید کا سیف الرحمان کی بیٹی عائشہ سے 22 اگست کو نکاح ہو گا۔ 

مریم نواز نے کہا کہ میرا نام ایگزٹ کنٹرول لسٹ (ای سی ایل) میں ہونے کے باعث بیٹے کے نکاح میں شرکت نہیں کر سکوں گی۔ جب جیل میں تھی تب میری والدہ کا انتقال ہوا اور اب اپنے بیٹے کی خوشیوں میں شریک نہیں ہو سکوں گی۔

مریم نواز نے اعلان کیا کہ بیٹے کے نکاح میں شرکت کیلئے حکومت کو بیرون ملک جانے کی درخواست نہیں کروں گی اور میں اپنا معاملہ اللہ پر چھوڑتی ہوں۔

مزیدخبریں