افغانستان کی بگڑتی صورتحال ،امریکی انٹیلی جنس نے خطرے کی گھنٹی بجا دی 

09:53 PM, 11 Aug, 2021

واشنگٹن:افغانستان کی تیزی سے بدلتی اور بگڑتی صورتحال کو دیکھتے ہوئے امریکی انٹیلی جنس نے بڑے خطرے کی گھنٹی بجا دی ،رپورٹ میں واضح کیا گیا ہے کہ اگلے نوے روز میں افغان طالبان پورے افغانستان کا کنٹرول سنبھال لینگے اگر ایسی ہی صورتحال قائم رہی ۔

امریکی انٹیلی جنس کا کہنا ہے کہ افغانستان کی بدلتی صورتحال پر نظر رکھے ہوئے ہیں ،ان کا کہنا موجود صورتحال اور طالبان کی پیش قدمی کو دیکھتے ہوئے ہم نے یہ اندازہ لگایا ہے کہ اگر افغان طالبان کو روکنے میں مذاحمت نہ کی گئی تو صرف 90 دن کے اندر اندر افغان طالبان اشرف غنی حکومت کا تختہ الٹ دینگے اور تمام ریاستی اداروں کا کنٹرول سنبھال لینگے ۔

رپورٹ میں کہا گیا کہ طالبان نے صرف 5 روز میں افغانستان کے ایک چوتھائی صوبائی دارالحکومتوں پر قبضہ کرلیا ہے اور اسی تیزی سے پیش قدمی جاری رہی تو آئندہ 30 دنوں میں طالبان افغان حکومت کو کابل تک محدود کرسکتے ہیں۔

امریکی انٹیلی جنس کی رپورٹ اس وقت منظر عام پر آئی ہے جب صدر جوبائیڈن نے اپنے ایک بیان میں واضح کیا ہے کہ افغانیوں کو اپنی جنگ خود لڑنی ہوگی۔ افغان فوج تعداد میں طالبان سے زیادہ ہیں اس لیے انھیں خود کو لڑنے کے لیے تیار کرنا ہوگا۔واضح رہے کہ محض 5 دنوں میں طالبان نے نمروز، جوزجان، قندوز، تخار، فراہ، سرپل۔ بدخشاں، بغلان اور پل خمری کا کنٹرول حاصل کرلیا ہے اور اہم شہر مزار شریف کے نزدیک پہنچ چکے ہیں۔

مزیدخبریں