اسلام آباد :عراقی وزیر خارجہ ڈاکٹر فواد حسین نے اعلان کیا ہے کہ عراق کے شہروں کے دورے میں پاکستانیوں کے لیے ویزوں کے حصول میں آسانی پیدا کریں گے۔
عراقی وزیر خارجہ ڈاکٹر فواد حسین نے اپنے ہم منصب کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ دونوں ممالک نے علاقائی روابط پر بات کی اور ہم مذاکرات کے ذریعے مسائل کے حل پر یقین رکھتے ہیں جبکہ افغانستان کی صورتحال پر تشویش ہے۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ خطے میں کشیدگی عراق اور دیگرممالک کو متاثر کرتی ہے اور افغانستان میں پرتشدد کارروائیوں پر تشویش ہے جبکہ کشمیر کا مسئلہ پاکستان اور بھارت کو حل کرنا ہے۔
عراقی وزیر خارجہ نے مزید کہا ہے کہ پاکستانیوں کے لیے ویزوں کے حصول میں آسانی پیدا کریں گے اور پاکستانی زائرین کے لیےعراق کے شہروں کے دورے کو آسان کریں گے۔
وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے اس موقع پر کہا کہ عراق کے وزیرخارجہ کو پاکستان میں خوش آمدید کہتا ہوں جبکہ دونوں ممالک میں مذہبی سیاحت کے وسیع مواقع موجود ہیں اور دونوں ممالک عوامی روابط کے فروغ کے اقدامات کر رہے ہیں۔
شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ ماضی میں عراق کو جنگ کا سامنا رہا اور پاکستان کو ماضی میں علاقائی چیلنجز درپیش رہے کیونکہ پاکستان اور عراق کے تعلقات میں دوبارہ قربت کا آغاز ہوا ہے جبکہ محرم کے دوران پاکستانیوں کے خصوصی ویزوں پر بات ہوئی۔