اسلام آباد:اقلیتوں کے عالمی دن کے موقع پر چیف جسٹس آف پاکستان نے کہا آئین کی شق 25کےتحت تمام شہریوں کو یکساں حقوق حاصل ہیں،آئین اقلیتوں کو مکمل آزادی بھی فراہم کرتاہے،پاکستان میں اقلیتوں کی عبادت گاہوں کا نقصان برداشت نہیں کیا جا سکتا۔
اقلیتوں کے قومی دن کی مناسبت سے سیمینار سے خطاب میں چیف جسٹس جسٹس گلزار احمد نے کہا کہ سکھوں سمیت پاکستان کے قیام میں اقلیتوں کا اہم کردار رہا ہے،مسلمان جج قرآن پر حلف لیتے ہیں، اقلیتیں بھی اپنی مقدس کتب پر حلف لیتی ہیں ،آئین میں اقلیتوں کو مکمل حقوق حاصل ہیں،انہوں نے کہا اقلیتی برادری کو اپنی مرضی سے عبادت کرنے اور مذہبی تعلیم کرنے کی آزادی حاصل ہے۔
چیف جسٹس آف پاکستان نے رحیم یار خان مندر حملہ کو انتہائی افسوس ناک قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ یہ بالکل قابل قبول نہیں ہے۔
چیف جسٹس نے اقلیتوں کے حقوق سے متعلق بات چیت کرتے ہوئے کہا سرکاری ملازموں میں کوٹے کا مقصد اقلیتوں کو ترقی کے مواقع میسر کرنا ہے،مذہب، نسل، زبان، علاقائی بنیاد پر کسی شہری سے امتیازی سلوک کی اجازت نہیں،ٓئین کی شق 25کےتحت تمام شہریوں کو یکساں حقوق حاصل ہیں۔