تل ابیب : اسرائیل نے عالمی قوتوں سے مطالبہ کیا ہے کہ ایران اور حزب اللہ کو دہشت گردی سے روکا جائے ورنہ ہم خود بھی نمٹنا جاتے ہیں۔
عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق اسرائیل کے وزیر دفاع بینی گینٹز نے کہا ہے کہ ایران اور اس کی سیکیورٹی فورس حزب اللہ مشرق وسطیٰ کے امن کے لیے سب سے بڑا خطرہ بن گئے ہیں۔انہوں نے کہا کہ آئل ٹینکرز پر ایران کے حملے ناقابل برداشت ہیں۔
اسرائیلی وزیر دفاع نے عالمی قوتوں سے مطالبہ کیا کہ ایران اور حزب اللہ کو جارحیت سے روکا جائے۔ اسرائیل اکیلے بھی ان کو سبق سیکھا سکتا ہے لیکن ہم عالمی برادری سے کٹ کر کچھ نہیں کرنا چاہتے تاکہ دوست ممالک کو شکایت نہیں ہو۔
وزیر دفاع نے متنبہ کیا کہ اگر عالمی قوتیں ایران کو نہیں روکیں گی تو اسرائیل تنہا ایران اور حزب اللہ کا مقابلہ کرے گا اور حزب اللہ پر دباؤ ڈالنے کے لیے لبنان میں اہم اہداف کو نشانہ بنانے کے لیے تیار ہیں۔
اسرائیلی وزیر دفاع نے عالمی قوتوں کو مخاطب کرتے مزید کہا کہ ایران جوہری منصوبوں پر تیزی سے کام کر رہا ہے اس لیے اب غیر جانبدار رہنا ممکن نہیں رہا ہے۔ جلد ہی عالمی قوتوں کو کسی نتیجے پر پہنچنا ہوگا اور اس میں تاخیر سے خطے کے امن کو خطرہ درپیش ہے۔
اسرائیل اور امریکا نے ایران پر ایک آئل ٹینکر پر ڈرون حملے کا الزام عائد کیا تھا جس میں عملے کے دو ارکان ہلاک ہوگئے تھے جب کہ یہ آئل ٹینکر اسرائیلی بزنس مین کی ملکیت بتایا جاتا ہے تاہم ایران نے اس الزام کی تردید کی تھی۔