دبئی: انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے تازہ ترین ٹیسٹ پلیئرز رینکنگ جاری کر دی ہے جس کے مطابق قومی ٹیم کے کپتان بابراعظم بلے بازوں کی فہرست میں بدستور دسویں نمبر پر موجود ہیں جبکہ بھارتی ٹیم کے کپتان ویرات کوہلی کی تنزلی ہوئی ہے۔
آئی سی سی کی جانب سے جاری کی گئی رینکنگ کے مطابق بلے بازوں کی فہرست میں پہلی تینوں پوزیشنز پر بالترتیب نیوزی لینڈ کے کپتان کین ولیم سن، آسٹریلیا کے سٹیون سمتھ اور آسٹریلیا ہی کے مارنس لابوشین ہیں۔
بھارتی کرکٹ ٹیم کے کپتان ویرات کوہلی ایک درجہ تنزلی کے بعد چوتھی سے پانچویں پوزیشن پر چلے گئے ہیں جبکہ انگلینڈ کے جوئے روٹ ایک درجہ بہتری کے بعد چوتھے نمبر پر آ گئے ہیں۔
بھارت کے روہت شرما چھٹے، بھارت ہی کے رشبھ پنت ساتویں، آسٹریلیا کے ڈیوڈ وارنر آٹھویں، جنوبی افریقہ کے کوینٹن ڈی کوک نوویں اور نیوزی لینڈ کے ہینری نکولس دسویں نمبر پر ہیں۔
باؤلرز کی فہرست میں بھی پہلی 6 پوزیشنز پر کوئی تبدیلی نہیں آئی اور یوں پیٹ کومنز پہلے، روی چندرن ایشوین دوسرے، ٹم ساؤتھی تیسرے، جوش ہیزل ووڈ چوتھے اور نیل ویگنر پانچویں نمبر پر ہیں۔
انگلش فاسٹ باؤلر جیمز اینڈرسن ایک درجہ ترقی پاکر ساتھی باؤلر کرس براڈ کی جگہ ساتویں نمبر پر آ گئے ہیں جبکہ سٹورٹ براڈ آٹھویں نمبر پر ہیں۔ بھارت کے جسپریت بمرا 10 درجے ترقی پا کر نوویں نمبر پر آ گئے ہیں اور مچل سٹارک دسویں نمبر پر ہیں۔
آل راؤنڈرز کی فہرست میں جیسن ہولڈر پہلے، رویندرا جدیجہ دوسرے، بین سٹوکس تیسرے، روی چندرن ایشوین چوتھے، شکیب الحسن پانچویں، کائل جیمی سن چھٹے، مچل سٹارک ساتویں، پیٹ کومنز آٹھویں، کولن ڈی گرینڈہوم نوویں اور کرس ووکس دسویں نمبر پر ہیں۔