اسلام آباد: وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات چوہدری فواد حسین نے کہا ہے کہ افغانستان کو دیئے گئے 2 ہزار ارب ڈالرز زمین کھا گئی یا آسمان نگل گیا؟ افغان عوام غربت میں پس رہے ہیں جبکہ سیاستدان اور جرنیل ارب پتی ہیں۔
فواد چوہدری نے سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر جاری اپنے پیغام میں کہا کہ ’طالبان کے آٹھویں صوبے پر قبضے کے بعد افغانستان اور امریکی عوام کو افغانستان کے موجودہ حکمرانوں کے سامنے سوال رکھنا چاہئے کہ آخر افغانستان کو دئیے جانے والے 2 ہزار ارب ڈالر زمین کھا گئی یا آسمان نگل گیا؟ اتنے پیسے لگنے کے بعد افغان فوج پتوں کی طرں کیوں بکھر رہی ہے؟‘
ایک اور ٹویٹ میں ان کا کہنا تھا ’یہ کیا ہے کہ افغانستان کے عوام تو غربت میں پس رہے ہیں لیکن افغانستان کے سیاستدان اور جرنیل ارب پتی ہیں، ان تمام کے بیرون ملک اربوں کے اثاثے ہیں، کرپشن کس طرح قوموں کو غرق کر دیتی ہے، افغانستان اس کی مثال ہے۔‘