کوئٹہ میں امن و امان یقینی بنانے کیلئے ڈبل سواری پر پابندی عائد

Double riding banned to ensure law and order in Quetta
کیپشن: فائل فوٹو

کوئٹہ: صوبائی دارالحکومت کوئٹہ میں امن و امان کے سلسلے میں صوبائی حکومت نے ڈبل سواری پر پابندی عائد کر دی ہے۔ شہر بھر میں دفعہ 144 نافذ رہے گی۔ ڈبل سواری پر پابندی کا اطلاق یکم محرم سے 10 محرم الحرام تک ہوگا۔

خیال رہے کہ کوئٹہ  ان دنوں دہشت گردوں کے نشانے پر ہےاور  آئے روز کے بم دھماکوں سے حکام سر پکڑ کر بیٹھ گئے ہیں۔ صوبائی حکومت نے سیکیورٹی صورتحال کا سنجیدگی سے نوٹس لیتے ہوئے امن وعامہ کیلئے اٹھائے گئے اقدامات کو مزید سخت کرنے کا فیصلہ کر لیا ہے۔

محرم الحرام کے دوران دہشت گردی کے خطرے کے پیش نظر دفعہ 144 نافذ کرتے ہوئے موٹر سائیکل کی ڈبل سواری کو بند کر دیا گیا ہے۔ تاہم صحافی، قانون نافذ کرنے والے اداروں کے اہلکار اور طبی عملہ اس پابندی سے مستشنیٰ ہوگا۔

گزشتہ دنوں دہشت گردوں نے ایک پولیس وین کو بم حملے کا نشانہ بنایا تھا جس میں دو اہلکار شہید جبکہ عام شہریوں سمیت 22 زخمی ہو گئے تھے اس کے بعد مسلسل تین روز کوئٹہ کے مختلف علاقوں میں کریکر بم دھماکوں کی اطلاعات موصول ہوتی رہیں۔